حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بزرگ عالمِ دین اور امام جمعہ و الجماعت مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو بلتستان علامہ شیخ محمد حسن جعفری کی جانب سے گزشتہ شب ایک مقامی ریسٹورنٹ میں حرمِ مطہر امام حسین علیہ السلام کربلا سے تشریف لانے والے معزز وفد کے اعزاز میں پُرخلوص دعوتِ عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر بلتستان کے علمائے کرام، صدر انجمنِ امامیہ بلتستان حجۃ الاسلام آغا سید باقر الحسینی اور انجمنِ امامیہ بلتستان کی مرکزی کابینہ کے اراکین سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
حرمِ امام حسین علیہ السلام کربلا کے وفد میں مرکز اصحاب الکسا عالمی رہنمائی مرکز کے مدیر جناب شیخ احمد رشید الطرفی، معاونِ علمی جناب شیخ احمد الفتلاوی اور مرکز کے اردو زبان کے مسؤل جناب شیخ صالح علی نوری کربلائی شامل تھے۔

پروگرام میں دینی، تبلیغی، تعلیمی، زیارتی اور اجتماعی امور سمیت کربلا و بلتستان کے درمیان دینی و برادرانہ روابط کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر مفید اور بامقصد گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر صدر انجمنِ امامیہ بلتستان آغا سید باقر الحسینی نے حرمِ امام حسین علیہ السلام کے وفد کے سامنے بالخصوص دو اہم درخواستیں پیش کیں۔
انہوں نے کہا کہ کربلا میں مقیم بلتستانی نوجوانوں کا خصوصی خیال رکھا جائے اور انہیں درپیش قانونی، انتظامی اور دیگر مشکلات کے حل کے لیے حتی المقدور تعاون اور رہنمائی فراہم کی جائے۔
انہوں نے مزید درخواست کی کہ اگر حرمِ امام حسین علیہ السلام کے مختلف شعبہ جات میں بلتستانی نوجوانوں کے لیے مناسب روزگار یا خدمت کے مواقع موجود ہوں تو انہیں ترجیحی بنیادوں پر مواقع فراہم کیے جائیں، تاکہ وہ حلال روزگار حاصل کرکے اپنے اہلِ خانہ کی بہتر کفالت کرسکیں اور معاشی مشکلات پر قابو پا سکیں۔

آغا سید باقر الحسینی نے دوسری درخواست پاکستان، بالخصوص بلتستان سے آنے والے زائرینِ امام حسینؑ کے حوالے سے پیش کرتے ہوئے کہا کہ حرمِ مطہر کی جانب سے پاکستانی زائرین کو درپیش مسائل، مشکلات اور ضروریات کا خصوصی خیال رکھا جائے اور جہاں ممکن ہو ان کے ساتھ تعاون و معاونت کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے۔
حرمِ امام حسینؑ کے معزز وفد نے دونوں تجاویز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے اپنی استطاعت کے مطابق تعاون، رہنمائی اور ممکنہ معاونت کا یقین دلایا۔
وفد کی جانب سے اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ کربلا اور بلتستان کے درمیان دینی و علمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
ملاقات کے اختتام پر حرمِ امام حسینؑ کے ذمہ داران نے بلتستان کی دینی و اجتماعی اہمیت، یہاں کے علمائے کرام کی خدمات اور بالخصوص علامہ شیخ محمد حسن جعفری کی دیرینہ دینی، اجتماعی اور وحدت بخش خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وفد نے علامہ شیخ محمد حسن جعفری کی صحت، سلامتی، طولِ عمر اور مزید دینی و اجتماعی توفیقات کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

اس موقع پر انجمنِ امامیہ بلتستان کی مرکزی کابینہ کے سینئر نائب صدر شیخ زاہد حسین زاہدی، رکنِ نظارت آغا سید احمد حسینی، شیخ ذاکر آغا اور ترجمان انجمن امامیہ بلتستان آغا زمانی سمیت دیگر علماء و معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
یہ بابرکت نشست کربلا اور بلتستان کے درمیان دینی، فکری، تبلیغی اور برادرانہ روابط کے مزید استحکام کی جانب ایک اہم قدم قرار دی گئی، جہاں خدمتِ دین، خدمتِ زائرین اور مؤمنین کی فلاح و بہبود جیسے مشترکہ اہداف کے حوالے سے محبت، اخوت اور باہمی تعاون کے جذبے کے ساتھ گفتگو ہوئی۔










آپ کا تبصرہ