جمعہ 2 اکتوبر 2026 - 17:53
عدل و دیانت اور اتحادِ امت اسلامی معاشرے کی بنیادی ضرورت ہیں: علامہ شیخ محمد حسن جعفری

حوزہ/ حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمد حسن جعفری نے خطبہ جمعہ میں کہا کہ عدل و دیانت، حقوق العباد کی پاسداری، اجتماعی ذمہ داری اور اتحاد بین المسلمین اسلامی معاشرے کی بنیادی ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرتی برائیوں کو محض انفرادی مسئلہ سمجھنے کے بجائے اجتماعی ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا ہوگا اور امتِ مسلمہ کے درمیان باہمی احترام، اخوت اور اسلامی تشخص کے اعتراف کو فروغ دینا ہوگا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سکردو، 2 اکتوبر 2026ء/ مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمد حسن جعفری نے قرآن کریم کی تعلیمات کی روشنی میں ناپ تول میں کمی، خیانت اور حقوق العباد کی ادائیگی کی اہمیت پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم نے ناپ تول میں کمی کرنے والوں کو سختی سے منع کیا ہے اور سورۂ مطففین میں ان لوگوں کے لیے وعید بیان کی گئی ہے جو دوسروں سے لیتے وقت پورا لیتے ہیں، لیکن دیتے وقت کمی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیانت داری اور حقوق کی ادائیگی صرف دنیاوی معاملات کا حصہ نہیں بلکہ آخرت کی جواب دہی سے بھی براہِ راست تعلق رکھتی ہے۔ آسمان و زمین عدل و توازن کے ساتھ قائم ہیں، اس لیے انسانی زندگی اور معاشرے میں بھی عدل، دیانت اور حق پسندی بنیادی اصول ہونے چاہییں۔ مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کی سیرت اور فرامین عدل، تقویٰ، دیانت اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے عملی رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

عدل و دیانت اور اتحادِ امت اسلامی معاشرے کی بنیادی ضرورت ہیں: علامہ شیخ محمد حسن جعفری

اجتماعی فتنوں سے نمٹنا پوری امت کی ذمہ داری ہے

علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے سورۂ انفال کی آیت «وَاتَّقُوا فِتْنَةً لَّا تُصِيبَنَّ الَّذِينَ ظَلَمُوا مِنكُمْ خَاصَّةً» کی روشنی میں اجتماعی فتنوں اور معاشرتی برائیوں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ بعض گناہ اور فتنے صرف فرد تک محدود نہیں رہتے بلکہ جب معاشرے میں عام ہو جائیں تو ان کے اثرات پوری قوم اور معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن، خیانت، فرقہ پرستی، انتہا پسندی، بے حیائی، سودی کاروبار، چوری اور دیگر اخلاقی برائیاں اس وقت اجتماعی مصیبت بن جاتی ہیں جب معاشرہ انہیں معمول سمجھنا شروع کر دے۔ جس طرح کسی معاشرے میں پھیلنے والی وبا یا آلودگی کے اثرات صرف ایک فرد تک محدود نہیں رہتے، اسی طرح اخلاقی اور معاشرتی برائیوں کے اثرات بھی اجتماعی سطح پر ظاہر ہوتے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ مسلمانوں کو صرف اپنے انفرادی اعمال کی اصلاح تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ معاشرے میں برائی کے فروغ اور اسے معمول سمجھنے کے رجحان کے خلاف بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اجتماعی ضمیر کو زندہ رکھنا، امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی ذمہ داری ادا کرنا اور اصلاحِ معاشرہ کے لیے عملی کردار ادا کرنا ہر صاحبِ شعور مسلمان کی ذمہ داری ہے۔

عدل و دیانت اور اتحادِ امت اسلامی معاشرے کی بنیادی ضرورت ہیں: علامہ شیخ محمد حسن جعفری

اتحاد بین المسلمین باہمی احترام اور اخوت کا تقاضا ہے

اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے کہا کہ امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے محض نعرے اور دعوے کافی نہیں بلکہ عملی کردار اور باہمی احترام ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام کو معاشرے میں اخوت، رواداری، امن اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اتحاد بین المسلمین کا مطلب صرف اختلافات کو نظر انداز کرنا نہیں بلکہ ایک دوسرے کے اسلامی تشخص کا احترام اور امت کے مشترکہ مفادات کے لیے مل کر کام کرنا بھی ہے۔

انہوں نے مسلمان کو کافر قرار دینے کے حوالے سے وارد روایات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں سخت شرعی تنبیہات موجود ہیں اور اس موضوع سے متعلق روایات شیعہ اور سنی دونوں مصادر میں بیان ہوئی ہیں۔ ان کے مطابق کسی مسلمان کی تکفیر ایک نہایت سنگین معاملہ ہے جس میں انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے۔

علامہ جعفری نے کہا کہ ان کی گفتگو کا مقصد اتحاد بین المسلمین کی مخالفت نہیں بلکہ اس کے حقیقی مفہوم کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اتحاد بین المسلمین کے داعی ہیں اور معاشرے میں امن، اخوت، باہمی احترام اور اسلامی بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔

عدل و دیانت اور اتحادِ امت اسلامی معاشرے کی بنیادی ضرورت ہیں: علامہ شیخ محمد حسن جعفری

عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات پر زور

علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں اور ذمہ داران کو عملی اقدامات کرنا چاہییں۔ انہوں نے گلگت بلتستان میں فنڈز کی کمی کے باعث 600 سے زائد لیڈی ہیلتھ ورکرز کی ملازمتوں کے خاتمے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بحالی کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی حقوق کا تحفظ، معاشرتی فلاح اور بنیادی ضروریات کی فراہمی اجتماعی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں علماء، حکومت اور معاشرے کے دیگر طبقات کو اپنی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہییں۔

خطاب کے اختتام پر حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے قرآن کریم اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات پر عمل، عدل و دیانت کے فروغ، معاشرتی برائیوں کے خاتمے، اتحاد و اخوت کے قیام اور امتِ مسلمہ کے درمیان باہمی احترام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

عدل و دیانت اور اتحادِ امت اسلامی معاشرے کی بنیادی ضرورت ہیں: علامہ شیخ محمد حسن جعفری

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha