پیر 5 اکتوبر 2026 - 11:42
مرکزی جامع مسجد میں انجمنِ امامیہ بلتستان کی جانب سے ''علمائے بلتستان کانفرنس'' ایک بہترین علمی و اصلاحی پروگرام؛ شکریہ و خراجِ تحسین

حوزہ/ مرکزی جامع مسجد میں انجمنِ امامیہ بلتستان کی جانب سے ایک نہایت بہترین، جامع اور فکر انگیز علمی و اصلاحی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جو بلاشبہ معاشرے کی موجودہ ضروریات کے پیشِ نظر ایک قابلِ تحسین اور قابلِ قدر کاوش ہے۔

تاثرات: مولانا سید ذیشان علی رضوی(میر واعظ، حسنین نگر سکردو)

حوزہ نیوز ایجنسی|

مرکزی جامع مسجد میں انجمنِ امامیہ بلتستان کی جانب سے ایک نہایت بہترین، جامع اور فکر انگیز علمی و اصلاحی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جو بلاشبہ معاشرے کی موجودہ ضروریات کے پیشِ نظر ایک قابلِ تحسین اور قابلِ قدر کاوش ہے۔

اس پروگرام کی سب سے نمایاں خوبی یہ تھی کہ اس میں معاشرے کی مختلف کمزوریوں، اخلاقی و سماجی بیماریوں اور ہماری روزمرہ زندگی میں پیدا ہونے والی خرابیوں کی نہایت مؤثر انداز میں نشاندہی کی گئی۔ ان مسائل کی طرف صرف توجہ دلانا ہی نہیں بلکہ ان کے اسباب، نقصانات اور اصلاح کے ممکنہ طریقوں پر بھی گفتگو کی گئی، جو یقیناً ہر فرد کے لیے قابلِ غور ہے۔

آج ہمارا معاشرہ مختلف فکری، اخلاقی اور سماجی چیلنجز سے گزر رہا ہے۔ ایسے حالات میں مساجد اور دینی اداروں اور علماء کا کردار انتہائی اہم ہو جاتا ہے۔ مسجد صرف عبادت کی جگہ نہیں بلکہ تربیت، اصلاح، اتحاد، شعور اور معاشرتی رہنمائی کا ایک عظیم مرکز بھی ہے۔ اسی احساس کے تحت اس نوعیت کے علمی و اصلاحی پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

انجمنِ امامیہ بلتستان و انتظامیہ اور اس پروگرام کے تمام منتظمین یقیناً مبارکباد اور خصوصی شکریے کے مستحق ہیں کہ انہوں نے ایک ایسے موضوع کو اجاگر کیا جس کا تعلق براہِ راست ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگی سے ہے۔

ہم دل کی گہرائیوں سے تمام منتظمین، علماء کرام، مقررین، معاونین اور پروگرام میں شریک تمام احباب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، انہیں مزید اخلاص اور استقامت عطا فرمائے اور اس پروگرام کو معاشرے کی اصلاح، نوجوان نسل کی تربیت اور امت کے اتحاد و بیداری کا ذریعہ بنائے۔

آخر میں یہی کہنا چاہوں گا کہ ایسے پروگرام صرف ایک دن کی نشست نہیں ہوتے بلکہ یہ معاشرے کی اصلاح کے لیے ایک فکری تحریک کا آغاز بن سکتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان پروگراموں میں بیان کیے گئے پیغامات کو صرف سننے تک محدود نہ رکھیں بلکہ اپنی عملی زندگی میں بھی نافذ کریں۔

انجمنِ امامیہ و مرکزی جامع مسجد کی پوری انتظامیہ اور پروگرام کے تمام منتظمین کو اس شاندار علمی و اصلاحی کاوش پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ مرکز، اس کے منتظمین اور تمام اہلِ خیر کی خدمات کو قبول فرمائے اور ہمیں اپنے معاشرے کی اصلاح میں مثبت کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور سربراہ ملت حضرت علامہ شیخ محمد حسن جعفری کا سایہ تا ابد ہمارے سروں پر قائم رہے۔ آمین یا رب العالمین

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha