حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع انوار بلتستان اصفہان کے زیرِ اہتمام ہفتۂ دفاع مقدس اور وفات حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے ایک سیمینار منعقد کیا گیا؛ جس میں طلاب نے بھرپور شرکت کی۔

سیمینار میں مہمان علمائے کرام اور صدر مجمع طلاب سکردو حجت الاسلام شیخ نذیر عرفانی نے اپنی کابینہ کے ساتھ شرکت کی۔
سیمینار کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ الٰہی سے ہوا، جس کا شرف برادر قاری سلیم ناصری کو حاصل ہوا۔
سیمینار سے مہمان خطیب مجمع طلاب سکردو کے شعبۂ تحقیق کے انچارج حجت الاسلام شیخ بشیر دولتی نے دفاع مقدس کے حوالے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم میں سے ہر ایک کو اپنی بساط و استطاعت کے مطابق دین کی تبلیغ و ترویج، معاشرے میں مؤثر عالم بننا اور لوگوں کی مشکلات کو حل کرنے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تنظیموں کو متحرک اور مؤثر ہونا چاہیے۔ تنظیمیں نظم سکھاتی ہیں اور اس کے ذریعے سے انسان میں جرأت گویائی پیدا ہوتی ہے اور لوگوں کی رہنمائی اور فکری و معنوی اعتبار سے پیشرفت کا ذریعہ بنتی ہیں، لہٰذا ہمیں علمی پیشرفت کے ساتھ ساتھ دیگر امور میں بھی آگے بڑھنا چاہیے اور ایک مدبر و بابصیرت عالم دین بننے کے لیے کوشش کرنی چاہیے، تاکہ معاشرے کے لئے مفید ہوں۔
سیمینار کے مہمان خصوصی صدر مجمع طلاب سکردو حجت الاسلام شیخ نذیر عرفانی نے خطاب کرتے ہوئے مجمع انوار بلتستان کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا اور اصفہان میں مجمع انوار بلتستان کی فعالیتوں کو سراہا اور خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر انہوں نے باہمی رابطے کی اہمیت پر زور دیا۔

حجت الاسلام شیخ نذیر عرفانی نے سیدہ فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی بابرکت زندگی پر مفصل گفتگو کی اور آنحضرت کے بابرکت وجود کو حوزہ علمیہ کی برکت کا ذریعہ قرار دیا۔
انہوں نے طلاب کرام کی توجہ اس بات کی طرف مبذول کروائی کہ وہ حوزاتِ علمیہ کے اس علمی ماحول سے بھرپور استفادہ کریں اور علوم آل محمد علیہم السّلام سے بھرپور استفادہ کریں اور اسے دوسروں تک پہنچائیں۔
سیمینار میں مجمع طلاب سکردو قم المقدسہ اور مجمع انوار بلتستان اصفہان کے تمام اراکین نے شرکت کی۔
سیمینار کے آخر میں مجمع انوار بلتستان اصفہان کی فعالیتوں سے مہمانانِ گرامی کو آگاہ کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔










آپ کا تبصرہ