حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ سید مرتضیٰ مستجابی نے آیت اللہ حاج شیخ حسن صافیؒ کی یاد میں ان کے زہد، تقویٰ، اخلاق، ایثار اور بے مثال تواضع سے متعلق ایک واقعہ بیان کیا ہے۔
انہوں نے کہا: جب میں نجف اشرف میں مدرسۂ آخوند میں تھا، مرحوم آیت اللہ صافی مدرسۂ بادکوبہ میں قیام پذیر تھے۔ وہ زہد، تقویٰ، کریمانہ اخلاق، ایثار اور سخاوت میں بے مثال تھے۔
آیت اللہ مستجابی نے مزید بتایا: آیت اللہ صافی اکثر راتوں کو طلبہ کے کپڑے، جن میں قمیص اور شلوار شامل ہوتی تھی، دھو کر رسی پر ڈال دیتے تھے۔ صبح جب طالب علم بیدار ہوتا تو دیکھتا کہ اس کے انتہائی میلے کپڑے آیت اللہ صافی نے دھو دیے ہیں۔
انہوں نے کہا: جب طلبہ اس بارے میں ان سے بات کرتے تو وہ فرماتے تھے: ’’میں آپ کی خدمت کا وظیفہ رکھتا ہوں، کیونکہ آپ امام زمانہ(عج) کے سپاہی ہیں۔ اگر میں نے آپ کی خدمت میں کوئی کام انجام دیا ہے تو امام زمانہ(عج) خوش ہوں گے۔‘‘
آیت اللہ مستجابی نے آیت اللہ حاج شیخ حسن صافیؒ کے علمی مقام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ فقہ و اصول اور دیگر علمی موضوعات میں صاحبِ نظر تھے، تواضع میں کم نظیر اور تقویٰ میں بے مثال تھے۔ انہوں نے میرے ساتھ بھی بے حد محبت اور شفقت کا اظہار کیا۔
انہوں نے ایک اور واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ اصفہان میں آیت اللہ صافی نے مجھ سے پوچھا کہ کیا میرے پاس مرحوم شہید صدرؒ کی کتابیں ہیں؟ میں نے اثبات میں جواب دیا تو انہوں نے کہا کہ مجھے ان کتابوں کی ضرورت ہے۔ میں نے اسی روز وہ کتابیں ان کی خدمت میں پیش کر دیں۔ چند روز بعد انہوں نے بتایا کہ ان کتابوں کے مطالعے سے انہیں علمی و فکری طور پر بہت مدد ملی۔
ماخذ: کتاب ’’مجتهدی پهلوان‘‘، ص 301-302









آپ کا تبصرہ