حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ علماء مکتب اہلبیت پاکستان کے زیرِ اہتمام ڈیجیٹل دور میں تدریس کے جدید طریقے کے عنوان سے ایک روزہ آن لائن شہیدِ اُمت (رح) تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان بھر سے کثیر تعداد میں علمائے کرام، اساتذہ، معلمین اور مبلغین نے شرکت کی۔

ورکشاپ سے معروف علمی و تربیتی شخصیت حجت الاسلام والمسلمین عیسیٰ امینی نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈیجیٹل دور میں تدریس کے جدید تقاضوں اور مؤثر تدریسی طریقۂ کار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل وسائل کو تدریس کے عمل میں مؤثر انداز سے بروئے کار لانے، طلبہ کی توجہ اور دلچسپی برقرار رکھنے، آن لائن تعلیمی وسائل سے استفادہ کرنے اور جدید ذرائع کے ذریعے تعلیمی و تربیتی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔
مدرس نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں ایک کامیاب استاد کے لیے ضروری ہے کہ وہ روایتی تدریسی طریقوں کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ذرائع سے بھی واقفیت رکھتا ہو، تاکہ وہ نئی نسل کی ضروریات اور ذہنی رجحانات کو سامنے رکھتے ہوئے بہتر اور مؤثر انداز میں تعلیم و تربیت کا فریضہ انجام دے سکے۔

ایک روزہ یہ تربیتی ورکشاپ علمی، تعلیمی اور عملی اعتبار سے نہایت مفید اور کامیاب رہی۔ شرکاء نے ورکشاپ کے موضوع، اندازِ پیشکش اور عملی رہنمائی کو سراہتے ہوئے اسے موجودہ دور کی اہم ضرورت قرار دیا۔
شرکاء نے مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان کی اس علمی و تربیتی کاوش کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے آئندہ بھی اسی نوعیت کے تربیتی ورکشاپس اور پروگرامز کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا، تاکہ علماء، مبلغین اور اساتذہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں مزید مؤثر کردار ادا کرسکیں۔










آپ کا تبصرہ