ہفتہ 13 جون 2026 - 11:19
امام جمعہ سکردو: عزاداریِ سیدالشہداءؑ کو اتحاد، اخوت اور باہمی احترام کے ماحول میں نہایت عقیدت سے منائی جائے!

حوزہ/مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو بلتستان کے امامِ جمعہ والجماعت حجت الاسلام والمسلمین علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے نمازِ جمعہ کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے معاشرتی زندگی، محرم الحرام، انتخابات، حج اور امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل پر مفصل گفتگو کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو بلتستان کے امامِ جمعہ والجماعت حجت الاسلام والمسلمین علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے نمازِ جمعہ کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے معاشرتی زندگی، محرم الحرام، انتخابات، حج اور امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل پر مفصل گفتگو کی۔

محرم الحرام کی آمد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ شیخ حسن جعفری نے کہا کہ محرم الحرام اپنے ساتھ بعض تقاضے لے کر آتا ہے۔ اس مقدس مہینے میں جشن و سرور کی فضا کو ترک کرکے حزن و ملال، سوگ اور عزاداری کا ماحول قائم کرنا چاہیے۔

انہوں نے حالیہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں اور ان کے حامیوں کو تلقین کی کہ وہ اپنی کامیابی کو وقار، متانت اور ذمہ داری کے ساتھ قبول کریں اور محرم الحرام کے احترام کو ملحوظِ خاطر رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ عزاداریِ سیدالشہداءؑ کو اتحاد، اخوت اور باہمی احترام کے ماحول میں نہایت پرشکوہ اور باوقار انداز میں برپا کیا جائے، تاکہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی تعلیمات اور پیغامِ کربلا معاشرے میں مؤثر انداز سے منتقل ہو سکے۔

گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات کے حوالے سے علامہ شیخ حسن جعفری نے کہا کہ انتخابی عمل کے بعد تمام سیاسی کارکنان اور عوام کو ایک دوسرے کی کامیابی کو کھلے دل سے قبول کرنا چاہیے۔ انتخابات جمہوری عمل کا حصہ ہیں، اس لیے اختلافات، کدورتوں اور تلخیوں کو ختم کرکے علاقے کی ترقی، خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مل جل کر کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بلتستان کے منتخب نمائندے اور سیاسی قیادت متحد ہو جائیں تو وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا منصب بلتستان کو مل سکتا ہے اور یہ بلتستان کے عوام کا جائز حق بھی ہے، کیونکہ ایک طویل عرصے سے بلتستان سے وزیر اعلیٰ منتخب نہیں کیا گیا۔

علامہ شیخ حسن جعفری نے زور دیا کہ محرم الحرام کے دوران انجمن امامیہ بلتستان کی جانب سے جاری کردہ ضابطۂ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ضابطۂ اخلاق نہ صرف ماتمی انجمنوں، بلکہ سیاحوں، ہوٹل انڈسٹری، تاجروں اور عوام الناس کے لیے بھی بہترین رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اس پر عمل کرنے سے محرم الحرام کے تقدس، نظم و ضبط اور باہمی احترام کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

علامہ شیخ حسن جعفری نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں بڑی تعداد میں پاکستانی مختلف شعبہ ہائے زندگی، تجارت اور کاروبار سے وابستہ ہیں لیکن بعض افراد کو ناموں اور مسلکی شناخت کی بنیاد پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ بعض افراد کو ملک بدر کیا جا رہا ہے یا دیگر قانونی مشکلات میں مبتلا کیا جا رہا ہے۔

امام جمعہ سکردو نے حکومتِ پاکستان، بالخصوص وفاقی وزیرِ داخلہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔

علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کہا کہ محرم الحرام اور اربعینِ امام حسین علیہ السلام کے ایام عقیدت، عزاداری اور دینی سرگرمیوں کے لیے مخصوص ہیں، اس لیے گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد اربعینِ حسینی سے قبل مناسب نہیں ہوگا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha