حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نائب امامِ جمعہ والجماعت مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو علامہ آغا سید باقر الحسینی نے خطبۂ جمعہ میں غدیر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ غدیر حق، ولایت، عدل اور صالح قیادت کے انتخاب کا درس دیتی ہے، جس سے آج کے اجتماعی اور سیاسی معاملات میں بھی رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
علامہ آغا سید باقر الحسینی نے واضح کیا کہ انجمنِ امامیہ بلتستان اور مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو کسی سیاسی جماعت یا انتخابی امیدوار کی حمایت یا مخالفت نہیں کرتیں۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ آنے والے انتخابات میں برادری، قبیلہ، ذاتی تعلقات اور وقتی مفادات سے بالاتر ہو کر امیدواروں کی دیانت داری، قابلیت، کردار، عوامی خدمت اور عملی کارکردگی کو معیار بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ ایک مقدس امانت اور قومی ذمہ داری ہے۔ ووٹ کا سودا کرنا یا مالی منفعت کے عوض اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنا درحقیقت ضمیر فروشی کے مترادف ہے۔ موجودہ حالات میں دیانت دار، اہل اور باصلاحیت نمائندوں کا انتخاب ہی علاقے اور قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت بن سکتا ہے۔
صدرِ انجمنِ امامیہ بلتستان نے انتخابی مہم کے دوران بعض مقامات پر علمائے کرام اور دینی شخصیات کے بارے میں نامناسب بیانات اور توہین آمیز رویوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تمام امیدواروں اور ان کے حامیوں سے اپیل کی کہ وہ اخلاقی حدود، اسلامی اقدار اور جمہوری روایات کا احترام کریں۔ اگر کسی فرد سے غیر مناسب یا دل آزاری کا باعث بننے والا کوئی بیان صادر ہوا ہے تو اس کی اصلاح اور معذرت میں ہی عزت اور بہتری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف کو نفرت اور انتشار کا ذریعہ بنانے کے بجائے ہر امیدوار اپنے منشور، پروگرام اور عوامی خدمت کی بنیاد پر عوام سے رجوع کرے۔
علامہ آغا سید باقر الحسینی نے ’’جہادِ اموال‘‘ مہم میں بھرپور تعاون پر عوام، علمائے کرام، ساداتِ عظام، خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے اپنی دینی، ملی اور اجتماعی ذمہ داری کو جس اخلاص اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ نبھایا ہے، وہ قابلِ تحسین اور لائقِ تقلید ہے۔
خطبے کے اختتام پر انہوں نے عوام الناس، خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی کہ انتخابی عمل کے دوران امن، اتحاد، اخوت، برداشت اور ذمہ داری کا عملی مظاہرہ کریں، ہر قسم کے تنازعات، جھگڑوں اور تصادم سے اجتناب برتیں اور اپنے حقِ رائے دہی کو شعور، بصیرت اور قومی مفاد کے پیشِ نظر استعمال کریں، تاکہ خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ مزید ہموار ہو سکے۔
واضح رہے کل سات جون کو گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات ہوں گے۔









آپ کا تبصرہ