حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ مرکز بلتستان جامع مسجد سکردو میں مختلف مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام کا ایک اہم اجلاس زیرِ صدارت حجت الاسلام والمسلمین علامہ شیخ محمد حسن جعفری منعقد ہوا۔ اجلاس میں اتحاد بین المسلمین، امن و امان کے قیام اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے ''پیغامِ وحدت'' جاری کیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ بلتستان الحمدلله ماضی میں بھی امن، رواداری اور بھائی چارے کا گہوارہ رہا ہے اور آئندہ بھی امن و سلامتی، اتحاد و اتفاق اور باہمی احترام کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
علمائے کرام نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ بعض شرپسند عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت انگیز مواد پھیلا کر معاشرے میں فتنہ و انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اجلاس میں ایسے تمام اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ منفی پروپیگنڈے، اشتعال انگیز مواد اور فرقہ وارانہ سوچ سے دور رہیں۔
علمائے کرام نے تمام مکاتبِ فکر کے پیروکاروں پر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے کے عقائد، مقدسات اور مذہبی شخصیات کا احترام کریں اور کسی بھی قسم کی توہین آمیز گفتگو یا طرزِ عمل سے اجتناب کریں۔

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ حالیہ انتخابات کے بعد پیدا ہونے والے اختلافات، کشیدگی اور نفرت کی فضا کو ختم کرنے کے لیے علماء، خطباء اور سماجی رہنما اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔
اجلاس کے شرکاء نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ امتِ واحدہ کے تصور کو فروغ دیتے ہوئے معاشرے میں محبت، اخوت، رواداری اور اتحاد و اتفاق کے قیام کے لیے عملی کردار ادا کریں اور ہر قسم کی نفرت، تعصب اور تفرقہ انگیزی کو مسترد کریں۔

اجلاس میں مولانا محمد ابراہیم خلیل، ڈاکٹر محمد علی جوہر، مولانا عارف حسین، آغا سید باقر الحسینی، شیخ زاہد حسین زاہدی، سید احمد حسینی، محمد صادق صدیقی، عبدالستار عباسی، محمد حسن حسرت اور مولانا سرور احمد نے شرکت کی۔
اجلاس کے اختتام پر بلتستان کے امن، استحکام، اتحاد بین المسلمین اور پاکستان کی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔











آپ کا تبصرہ