جمعہ 4 ستمبر 2026 - 14:29
صرف تعلیم نہیں، دینداری اور تربیت بھی ضروری ہے: علامہ فدا حسن عبادی

حوزہ/ نائب امامِ جمعہ مرکزی جامع مسجد سکردو بلتستان علامہ شیخ فدا حسن عبادی نے نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف تعلیم کافی نہیں، بلکہ تعلیم کے ساتھ دینداری، اخلاق اور تربیت ضروری ہے۔ تربیت و تقویٰ سے عاری علم انسان کو غرور، خود غرضی اور ظلم کی طرف لے جا سکتا ہے۔ ائمۂ اہلِ بیتؑ کی سیرت ہمارے لیے نمونہ ہے، جنہوں نے عبادت و تعلیم کے ساتھ محنت، تجارت اور کسبِ حلال کو بھی اختیار فرمایا۔ بچوں اور نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ دین، کردار، محنت، خودداری اور خدمتِ خلق کی تربیت دی جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سکردو/ نائب امامِ جمعہ مرکزی جامع مسجد سکردو بلتستان علامہ شیخ فدا حسن عبادی نے نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف تعلیم کافی نہیں، بلکہ تعلیم کے ساتھ دینداری، اخلاق اور تربیت ضروری ہے۔ تربیت و تقویٰ سے عاری علم انسان کو غرور، خود غرضی اور ظلم کی طرف لے جا سکتا ہے۔ ائمۂ اہلِ بیتؑ کی سیرت ہمارے لیے نمونہ ہے، جنہوں نے عبادت و تعلیم کے ساتھ محنت، تجارت اور کسبِ حلال کو بھی اختیار فرمایا۔ بچوں اور نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ دین، کردار، محنت، خودداری اور خدمتِ خلق کی تربیت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام صرف نماز کا نام نہیں بلکہ پاکیزہ کردار اور درست معاملات کا بھی تقاضا کرتا ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قلت یا سڑکوں کی بندش کے دوران عوام کی مجبوری سے ناجائز فائدہ اٹھانا، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ حقیقی مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرا مسلمان محفوظ رہے۔

علامہ فدا حسن عبادی نے علماء و اہلِ دین کی توہین، مومنین کی کردارکشی، غیبت، تہمت اور الزام تراشی سے اجتناب کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ زبان، قلم اور سوشل میڈیا کے استعمال میں تقویٰ، اخلاق اور ذمہ داری کو ملحوظ رکھا جائے۔ اختلاف کے باوجود احترام اور دلیل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے کیونکہ اہلِ علم اور علماء کی بے توقیری اور اخلاقی زوال معاشرے میں ظلم و بداعتمادی کو فروغ دیتے ہیں۔

گلگت کے حالات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ امن و امان برقرار ہے اور انجمنِ امامیہ گلگت و انتظامیہ کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، اس لیے فی الحال بلتستان میں کسی احتجاج کی ضرورت نہیں۔ مرکزی انجمنِ امامیہ بلتستان اور امامیہ مرکز بلتستان کے پلیٹ فارم سے ہٹ کر ہونے والے کسی اقدام کو مرکز کی پالیسی سے منسوب نہ کیا جائے۔ انہوں نے اتحاد و اتفاق برقرار رکھنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے ملتِ اسلامی ایران کے لیے جمع کرائی گئی امانتوں کے حوالے سے کہا کہ انہیں حقداروں تک پہنچانے کا عمل شروع ہو چکا ہے، تمام مستحقین کو حق پہنچانے کے بعد مکمل تفصیلات اور رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں امن و اتحاد کے فروغ کے لیے مختلف مکاتبِ فکر کے علماء پر مشتمل قومی پیغامِ امن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کے ارکان نے گلگت و بلتستان میں علماء و عمائدین سے ملاقاتیں کی ہیں اور امید ہے کہ یہ کمیٹی ملک میں امن و باہمی ہم آہنگی کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔

سکردو حلقہ 3 کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ووٹ کو قومی و شرعی امانت سمجھتے ہوئے امیدوار کے کردار، اہلیت، دیانت اور عوامی خدمت کو مدنظر رکھا جائے۔ انتظامیہ انتخابات کو شفاف، غیر جانب دار اور پُرامن بنانے کو یقینی بنائے، جبکہ عوام بھی امن و نظم برقرار رکھتے ہوئے ذمہ داری سے حقِ رائے دہی استعمال کریں۔

سیاحت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحوں کی آمد خوش آئند ہے، تاہم مقامی اقدار، اسلامی ثقافت اور معاشرتی حساسیت کا احترام ضروری ہے۔ انتظامیہ سیاحوں کو علاقے میں داخلے سے قبل مقامی قوانین اور معاشرتی حدود پر مشتمل ضابطۂ اخلاق فراہم کرے اور کسی دوسرے مذہبی لٹریچر کی تقسیم و تبلیغ پر پابندی عائد کی جائے۔ اور اس حوالے سے مقامی حساسیت کا خیال رکھا جائے۔

علامہ فدا حسن عبادی نے کوٹے کے آٹے کے ناقص معیار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معیاری آٹے کی فراہمی اور معاملے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے وطن کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، لہٰذا ریاست عوام کے بنیادی مسائل اور جائز حقوق کے حل کی ذمہ داری پوری کرے۔ انہوں نے بجلی کے بڑھتے ہوئے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے 100 میگاواٹ سولر پاور منصوبہ جلد شروع کرنے اور گمبہ سکردو 250 بستروں کے اسپتال کے منصوبے کا ٹینڈر فوری جاری کرکے تعمیراتی کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور صحت عوام کی بنیادی ضروریات ہیں، ان منصوبوں میں مزید تاخیر عوامی مشکلات میں اضافے کا باعث بنے گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha