حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تقریب میں مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان و چیئرمین زہراء(س) اکیڈمی پاکستان حجت الاسلام ڈاکٹر شبیر حسن میثمی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ، زہراء(س) اکیڈمی پاکستان کے فلاحی امور کے انچارج محترم سہیل رضا صالحی، صوبائی صدر اسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستان حجت الاسلام علامہ شیخ مرزا علی اور صدرِ انجمنِ امامیہ بلتستان حجت الاسلام علامہ آغا سید باقر الحسینی سمیت علماء، عمائدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب کی نظامت کے فرائض موسیٰ سدپارہ نے انجام دیئے، جبکہ علامہ شیخ مرزا علی اور علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے خصوصی خطاب کیا۔
مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے خطاب میں گلگت بلتستان کے عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے غیور اور خوددار نوجوان محنت و جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں اور کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کے بجائے اپنی صلاحیتوں اور محنت سے مسائل کا حل تلاش کرتے ہیں۔
انہوں نے پھیالونگ واٹر ڈائیورژن منصوبے کی کامیابی کو آغا سید باقر الحسینی اور اہلِ بلتستان کی اجتماعی کاوشوں کا ثمر قرار دیتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے شہدائے پاکستان اور دفاعِ وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر پاک افواج کے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کروائی گئی۔
صدرِ انجمنِ امامیہ بلتستان اور پھیالونگ واٹر ڈائیورژن منصوبے کے روحِ رواں حجت الاسلام علامہ آغا سید باقر حسین الحسینی نے اپنے خطاب میں قائد ملت جعفریہ پاکستان سید ساجد علی نقوی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قائد محترم نے منصوبے کے آغاز ہی سے اس کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی فرمائی، جس پر ہم ان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پھیالونگ واٹر ڈائیورژن منصوبہ صرف پانی کی فراہمی کا منصوبہ نہیں، بلکہ اتحاد بین المسلمین، باہمی تعاون اور اجتماعی خدمت کا عملی نمونہ بھی ہے۔ منصوبے میں ملتِ تشیع بلتستان کے ساتھ ساتھ نوربخشی، اہلِ سنت اور اہلِ حدیث برادریوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جو بلتستان کے عوام کے باہمی اتحاد و اخوت کی روشن مثال ہے۔
علامہ باقر الحسینی نے قائدینِ ملت کے کردار کا تذکرہ کرتے ہوئے علامہ مفتی جعفر حسین علیہ الرحمہ، شہید علامہ عارف حسین الحسینی رحمۃ اللّٰہ علیہ اور قائد ملت جعفریہ سید ساجد علی نقوی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

یومِ دفاع پاکستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس وطن کے دفاع کے لیے ہمارے آباؤ اجداد، جوانوں اور افواجِ پاکستان کے بہادر سپوتوں نے قربانیاں دی ہیں۔ ہم شہدائے وطن کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہیں اور اگر وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ضرورت پڑی تو اس کے دفاع میں اپنی جان قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔
علامہ باقر الحسینی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وطنِ عزیز پاکستان کو اندرونی و بیرونی دشمنوں کے شر سے محفوظ فرمائے، پاکستان، اسلام اور مسلمین کو سربلندی عطا فرمائے اور ملک و ملت کی خدمت کرنے والے تمام افراد کی توفیقاتِ خیر میں مزید اضافہ فرمائے۔
آخر میں قائد ملت جعفریہ پاکستان سید ساجد علی نقوی کی جانب سے پھیالونگ واٹر ڈائیورژن منصوبے کے لیے 25 لاکھ روپے کا عطیہ بطورِ ہدیہ چیک پیش کیا گیا۔

آغا سید باقر الحسینی نے قائد ملت جعفریہ پاکستان اور زہراء(س) اکیڈمی پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی توفیقاتِ خیر میں اضافے کی دعا کی۔









آپ کا تبصرہ