حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سکردو-بلتستان/ مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو، بلتستان میں خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے امام جمعہ والجماعت علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے بدگمانی، تجسس اور غیبت کو معاشرتی بگاڑ کے بنیادی اسباب قرار دیتے ہوئے ان سے اجتناب، ایامِ فاطمیہ کے احترام، گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل کے تحفظ، ایران کے لیے جمع شدہ امدادی رقوم کی تفصیلات، معاشرے کی اصلاح میں خواص کے کردار اور ایران کے دفاعی عزم پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بلتستان یونیورسٹی جانے والی سڑک کی خستہ حالی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ بھی کیا۔
بدگمانی، تجسس اور غیبت معاشرتی بگاڑ کے بنیادی اسباب ہیں
علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے سورۂ حجرات کی آیت نمبر 12 کی روشنی میں کہا کہ بدگمانی، تجسس اور غیبت ایسی اخلاقی برائیاں ہیں جو ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔ بدگمانی انسان کو دوسروں کے بارے میں منفی سوچنے پر آمادہ کرتی ہے، تجسس اسے لوگوں کے پوشیدہ عیوب تلاش کرنے کی طرف لے جاتا ہے اور بالآخر یہی رویہ غیبت اور تہمت کا سبب بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدگمانی دراصل باطنی اور قلبی بیماری کی علامت ہے، جبکہ دوسروں کے پوشیدہ عیوب تلاش کرنا اور ان کی نجی زندگی میں مداخلت کرنا قرآن کریم کی صریح تعلیمات کے خلاف ہے۔ آج بالخصوص سوشل میڈیا پر تحقیق کے بغیر الزامات عائد کرنا، غیبت کرنا اور لوگوں کی عزت و آبرو کو نشانہ بنانا ایک سنگین معاشرتی مرض بن چکا ہے۔
انہوں نے عذابِ وجدان اور نفسِ لوامہ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ زندہ ضمیر انسان کو اپنی غلطیوں پر ملامت کرتا اور اصلاح کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم بدگمانی، تجسس، غیبت اور تہمت سے اجتناب کریں اور حسنِ ظن، پاکیزہ کردار اور دوسروں کی عزت و آبرو کے تحفظ کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ معاشرے کو ان اخلاقی برائیوں سے محفوظ رکھے۔
ایامِ فاطمیہ میں خوشی کی تقریبات مؤخر کرنے کی اپیل
علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے ایامِ فاطمیہ کے احترام میں مومنین سے اپیل کی کہ وہ اہلِ بیت علیہم السلام کے غم اور مصائب کا لحاظ رکھتے ہوئے شادی بیاہ سمیت دیگر خوشی کی تقریبات سے اجتناب کریں اور حتی الامکان انہیں ایامِ فاطمیہ کے اختتام تک مؤخر کردیں۔
انہوں نے کہا کہ ان ایام میں آلِ محمد علیہم السلام سوگوار ہیں، لہٰذا ہمارا بھی فرض ہے کہ سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت کو یاد کرتے ہوئے سوگ و عزاداری میں شریک ہوں اور اپنی عقیدت و وابستگی کا عملی اظہار کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایامِ فاطمیہ کا احترام اور اہلِ بیت علیہم السلام کے غم میں شرکت ہماری نجات اور شفاعتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا ذریعہ بنے گی۔
گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل پر عوام کا بنیادی حق ہے
علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے گلگت بلتستان کے دورے پر آنے والی امریکی خاتون اہلکار کی سرگرمیوں اور ان کے دورۂ خیبرپختونخوا پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں یہ دورہ محض ایک رسمی سفارتی سرگرمی نہیں تھا، بلکہ اس کے پس منظر میں اہم سیاسی اور معاشی مقاصد بھی کارفرما ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ اہلکار کے دورۂ خیبرپختونخوا کے بعد وہاں کے حالات اور انتظامی معاملات سے یہ تاثر پیدا ہوتا ہے کہ امریکہ اور اس سے وابستہ کمپنیاں گلگت بلتستان کے معدنی وسائل اور دیگر قدرتی ذخائر میں دلچسپی رکھتی ہیں اور ان سے متعلق منصوبوں میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانا چاہتی ہیں۔
انہوں نے خیبرپختونخوا میں سابقہ حکومت کی تبدیلی اور گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق خدشات کا بھی اظہار کیا۔
علامہ جعفری نے واضح کیا کہ گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل پر بنیادی حق یہاں کے عوام کا ہے اور ان وسائل کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں دنیا کے دیگر ممالک کی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا جاسکتا ہے، لیکن کسی ایک عالمی طاقت کی سیاسی و معاشی بالادستی، مداخلت یا اجارہ داری ہرگز قبول نہیں کی جائے گی۔
خواص کا کردار معاشرے کی تعمیر و تخریب میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے
معاشرے کی تعمیر و تخریب میں خواص کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے کہا کہ علماء، امراء، اہلِ دانش اور دیگر بااثر شخصیات کے فیصلے اور کردار پورے معاشرے کی سمت متعین کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواصِ اہلِ حق اپنی بصیرت، کردار اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے معاشرے میں امن، اتحاد اور اصلاح کا ذریعہ بنتے ہیں، جبکہ خواصِ اہلِ باطل کے منفی اقدامات انتشار اور فساد کو جنم دیتے ہیں۔
انہوں نے مدینہ منورہ کی تاریخی مثال دیتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہجرت سے قبل یثرب قبائلی عداوتوں اور خونریزی کا شکار تھا، لیکن اہلِ حق کی بصیرت اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد و تعلیمات نے اسے امن، اخوت اور وحدت کا مرکز بنا دیا۔
علامہ جعفری نے کہا کہ ہمیں اپنا محاسبہ کرنا چاہیے اور خواصِ اہلِ حق کی صف میں شامل ہوکر معاشرے کی اصلاح، عدل، اتحاد اور فلاح کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
ایران دفاعی صلاحیتیں مضبوط بنا رہا ہے، ایرانی قوم متحد اور پُرعزم ہے
امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف ممکنہ جارحیت اور دباؤ کا ذکر کرتے ہوئے علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے کہا کہ ایران ان خطرات سے غافل نہیں اور اپنی دفاعی صلاحیتوں، بالخصوص میزائل اور ڈرون ٹیکنالوجی کو مضبوط بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں مہنگائی اور معاشی مشکلات کے باوجود ایرانی قوم نے اتحاد، صبر اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے اور دشمن کے مقابلے میں متحد و پُرعزم کھڑی ہے۔
انہوں نے اس قومی جذبے کو شہداء، بالخصوص شہید رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای رضوان اللہ علیہ کی قربانیوں کا ثمر قرار دیا۔ علامہ جعفری نے ایرانی قوم کی کامیابی، نصرت اور اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے دعا کی۔
بلتستان یونیورسٹی جانے والی سڑک کی تعمیر و مرمت کا مطالبہ
علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے بلتستان یونیورسٹی جانے والی سڑک کی خستہ حالی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریت، مٹی اور گردوغبار کے باعث تقریباً چالیس طلبہ و طالبات روزانہ مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چیف انجینئر سے ملاقات کے دوران سڑک کی تعمیر و مرمت کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، تاہم اب تک عملی کام شروع نہیں ہوسکا۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ منصوبے پر فوری کام شروع کرکے طلبہ کو سفری مشکلات سے نجات دلائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلتستان یونیورسٹی ایک نئی درس گاہ ہے، اس لیے اسے غیر ضروری تنازعات اور رکاوٹوں سے محفوظ رکھتے ہوئے طلبہ کو پُرامن، سازگار اور یکسو تعلیمی ماحول فراہم کیا جانا چاہیے، تاکہ نوجوان اپنی تعلیم اور مستقبل پر توجہ مرکوز کرسکیں۔










آپ کا تبصرہ