حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدرِ انجمنِ امامیہ بلتستان آغا سید باقر الحسینی کی سربراہی میں، انجمنِ امامیہ بلتستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اسلام آباد میں قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور قائدِ ملّت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
وفد میں انجمنِ امامیہ بلتستان کے سینئر نائب صدر حجت الاسلام شیخ زاہد حسین زاہدی اور سیکرٹری جنرل محمد نذیر شگری بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران قومی و ملی امور، ملتِ تشیع کو درپیش مسائل، اجتماعی حقوق، گلگت بلتستان کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے اہم معاملات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر قومی و ملی مسائل کے حل، حقوق کے تحفظ اور اجتماعی مفادات کے فروغ کے لیے مؤثر رابطہ کاری، باہمی مشاورت اور مشترکہ جدوجہد کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
وفد نے قومی و ملی معاملات میں باہمی ہم آہنگی اور ذمہ دارانہ کردار کی اہمیت پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ملت کے اجتماعی مسائل کے حل، قومی و ملی مفادات کے تحفظ اور مشترکہ حکمتِ عملی کو مؤثر بنانے کے لیے باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
اس موقع پر قائدِ ملّت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے انجمنِ امامیہ بلتستان کی قیادت کی کوششوں اور جدوجہد کو سراہتے ہوئے بالخصوص بلتستان میں اتحاد بین المسلمین کی فضا برقرار رکھنے اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ میں انجمن کے ذمہ داروں کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن، رواداری، باہمی احترام اور مذہبی ہم آہنگی کے ماحول کو برقرار رکھنا ایک اجتماعی ذمہ داری ہے۔











آپ کا تبصرہ