حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام مولانا سید یاسین حسین عابدی نے کہا ہے کہ ناپ تول میں کمی، اشیاء میں ملاوٹ، جھوٹی قسم اور جھوٹی گواہی ایسے گناہ ہیں جو معاشرے سے برکت ختم کردیتے ہیں۔ اسلام نے تجارت میں دیانت داری، انصاف اور حقوق کی ادائیگی پر خصوصی تاکید کی ہے اور ہر مسلمان کو اپنے کاروبار اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں امانت داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
اپنے خطبۂ جمعہ میں حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید یاسین حسین عابدی نے ایامِ فاطمیہ کی مناسبت سے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپؑ کی شخصیت کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خود آپ کا احترام فرماتے تھے۔ آپؑ نے صرف 18 سال کی مختصر زندگی میں ایسی مثال قائم کی جو تمام مسلمانوں کے لیے نمونۂ عمل ہے۔
خطبے کا مرکزی موضوع ناپ تول میں کمی جھوٹی قسم کھانا جھوٹی گواہی دینا رزق کی برکت کو ختم کرتا ہے۔انہوں نے قرآن مجید کی سورۂ مطففین کی ابتدائی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ناپ تول میں کمی کرنے والوں کے لیے سخت وعید بیان کی ہے۔ ایسے لوگ جب اپنے لیے کوئی چیز ناپتے یا تولتے ہیں تو پورا لیتے ہیں، لیکن دوسروں کو دیتے وقت کمی کرتے ہیں۔ انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ ایک دن انہیں بھی اللہ کی بارگاہ میں جواب دہ ہونا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ناپ تول میں کمی صرف دکان داری تک محدود نہیں، بلکہ ہر وہ شخص اس حکم میں شامل ہوسکتا ہے جو اپنی ذمہ داری پوری کیے بغیر اس کی مکمل اجرت وصول کرتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر کسی ملازم کی ڈیوٹی آٹھ گھنٹے ہے لیکن وہ کام کے وقت غیر ضروری طور پر موبائل استعمال کرتا ہے اور اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتا تو یہ بھی حق میں کمی کرنے کے مترادف ہے۔ اسی طرح نماز کو بھی اس کے آداب اور شرائط کے مطابق ادا کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دودھ میں پانی ملانا، گھی میں ملاوٹ کرنا، نقلی شہد فروخت کرنا اور کسی بھی چیز کو اصل کے نام پر بیچنا دھوکہ دہی ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیم کے مطابق جو شخص کسی مسلمان کے ساتھ خرید و فروخت میں دھوکہ کرتا ہے، وہ آپ کی تعلیمات کے مطابق عمل کرنے والوں میں شامل نہیں ہے۔
خطیب نماز جمعہ نے جھوٹی قسم کھانے کے نقصانات بیان کرتے ہوئے کہا کہ بعض تاجر معمولی منافع کے لیے اپنے سامان کی فروخت میں اللہ کی قسم کھاتے ہیں، حالانکہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ وہ حقیقت بیان نہیں کررہے ہیں۔ امام علی علیہ السلام سے منقول ہے کہ جھوٹی قسم سے سامان تو فروخت ہوجاتا ہے، لیکن اس کی برکت ختم ہوجاتی ہے۔
انہوں نے جھوٹی گواہی کو بھی سنگین گناہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بے گناہ کو مجرم ثابت کرنے، کسی کا حق چھیننے یا زمین و جائیداد پر ناجائز قبضہ کرنے کے لیے جھوٹی گواہی دینا سخت قابل مذمت ہے۔ قرآن مجید نے بھی جھوٹی گواہی سے بچنے کی تاکید کی ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید یاسین حسین عابدی نے امام زین العابدین علیہ السلام کا واقعہ بیان کیا کہ آپ نے اپنی سابقہ اہلیہ کے مہر کی رقم ادا کرنے کے باوجود عدالت میں اس کے دعوے پر اپنے فرزند امام محمد باقر علیہ السلام کو 400 درہم دینے کا حکم دیا۔ بعد میں جب آپ سے قسم نہ کھانے کی وجہ پوچھی گئی تو فرمایا کہ اتنی معمولی رقم کے لیے اللہ تعالیٰ کے نام کو درمیان میں لانا مناسب نہیں سمجھا۔
خطیب نماز جمعہ نے مزید کہا کہ تجارت کرنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ خرید و فروخت کے شرعی مسائل سیکھیں تاکہ حرام کمائی اور سود سے محفوظ رہ سکیں۔ خریداروں کے درمیان انصاف کریں اور کسی کے ساتھ تعلق یا پہچان کی بنیاد پر قیمت میں فرق نہ رکھیں۔
انہوں نے تجارت کے بعض مستحب اور مکروہ آداب کی طرف بھی توجہ دلائی۔ ان کے مطابق خرید و فروخت کے وقت اللہ کی حمد و ثنا کرنا مستحب ہے، جبکہ اپنے سامان کی ضرورت سے زیادہ تعریف کرنا، دوسروں کے سامان میں بلاوجہ عیب نکالنا، کسی چیز کا عیب چھپانا، فروخت کے لیے قسم کھانا اور اندھیرے میں اس طرح سامان بیچنا کہ اس کی حقیقت معلوم نہ ہوسکے، ناپسندیدہ امور میں شامل ہیں۔
انہوں نے آخر میں تاکید کی کہ ہر شخص اپنے کاروبار، ملازمت اور روزمرہ معاملات کا محاسبہ کرے اور حلال روزی کے حصول کے ساتھ دوسروں کے حقوق کی ادائیگی کو بھی اپنی دینی ذمہ داری سمجھے۔










آپ کا تبصرہ