حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اربعین حسینی علیہ السلام اور ماہ صفر المظفر کے آخری عشرے کے آغاز سے ہی خاندان اہل بیت علیہم السّلام کی شہادت اور وفات کے سوگ کا انعقاد کیا جاتا ہے اور اس کے ساتھ ہی مشہد مقدس میں کروڑوں زائرین کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوا ہے۔
ماہ صفر المظفر کے آخری عشرے کے آغاز سے ہی آستانہ امام رضا علیہ السّلام کو دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی میزبانی کا شرف حاصل ہوتا ہے اور اس سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام عوامی اور حکومتی ادارے میدان میں آجاتے ہیں تاکہ زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
امام رضا علیہ السّلام کا تمام انسانوں کیلئے انیس النفوس ہونے کے عنوان سے، ماہ صفر المظفر کے آخری عشرے کو آرام جان ھا یعنی دلوں کے سکوں کے شعار کے ساتھ منایا جائے گا اور اس شعار سے دو اہداف ہمدلی اور امید ایجاد کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ صفر المظفر کے آخری عشرے میں حضرت رسول خدا صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم اور سبط اکبر امام حسن مجتبیٰ علیہ السّلام اور انیس النفوس امام رؤف والی طوس کی شہادت کے ایام ہیں اور اس دوران مشہد مقدس میں دنیا بھر سے کروڑوں زائرین عقیدت کا اظہار کرنے جمع ہوتے ہیں۔