۱۵ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۵ شوال ۱۴۴۵ | May 4, 2024
مولانا مسرور عباس انصاری

حوزہ/ اربعین حسینی کے موقع پر اتحاد المسلمین کے زیر اہتمام چھتہ بل میں مجلس و جلوس عزاء کا انعقاد۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سرینگر/ اربعین حسینی کے موقع پر جموں وکشمیر اتحاد المسلمین کے اہتمام سے سجاد آباد چھتہ بل میں عزاداری کی عظیم الشان مجلس منعقد ہوئی جس میں وادی کے اطراف واکناف سے آئے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کرکے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔مجلس عزاء میں عصر تک مرثیہ خوانی کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد جلوس عزاء برآمد ہوا جس میں ماتمی دستوں نے سینہ زنی و نوحہ خوانی کی۔

عزاداروں کے بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اتحاد المسلمین کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ اربعین حسینی شہدائے کربلا سے تجدید عہد کا دن ہے اور ان عظیم اقدار کا تحفظ ہے جن کے لیے امام حسین علیہ السلام نے میدان کربلا میں لازوال اور بے نظیر قربانیاں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تاریخ میں اربعین حسینی دنیا بھر کے تمام حریت پسندوں کی ایک تحریک بن گئی ہے، یہ تحریک دن بہ دن مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے اور طاغوت پر یقین رکھنے والوں کے لئے ہلاکت کا پیغام بن کر ابھر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کربلا میں 22 ملین سے زائد حسینی عاشقان کے تاریخ ساز اور طاغوت شکن اجتماع سے ظلم و بربریت پر استوار حکومتوں میں بھونچال آگیا ہے اور اس اجتماع میں دنیا بھر کے تمام ادیان و مذہب سے تعلق رکھنے والے حریت پسندوں نے شرکت کرکے امن،اتحاد ،ہم آہنگی، اخوت اور ظلم کے خلاف مزاحمت کا عالمگیر پیغام دیا ہے۔

مولانا نے کہا کہ اربعین حسینی سوئے ہوئے ذہنوں کو بیدار کرنے میں ایک ممتاز کردار ادا کررہا ہے یہ عالمگیر اجتماع ظہور امام زمانہ عجل اللہ فرجہ کے لئے بنیادی کردار ادا کررہا ہے۔ مولانا نے کہا کہ اربعین مشی جذبہ مزاحمت و مقاومت پیدا کرنے کی ایک ثمر آور مشق ہے اور اس کے دورس نتائج پوری دنیا خاص طور پر مظلوم و مستضعف اقوام کو مل رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اربعین ملین مارچ میں کروڑوں عاشقان امام حسین علیہ السلام کی پر امن شرکت ،شہید قدس حاج قاسم سلیمانی اور قائد انقلاب حضرت امام خامنہ ای و سید علی سیستانی کی بروقت تدبیروں اور کاوشوں کا ثمرہ ہے ۔جنہوں نے سامراجی زرخرید دہشتگرد ٹولوں کو ٹھکانے لگا کر دشمن کے تمام منصوبوں پر پانی پھیر دیا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .