حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر اور سابق رکن اسلامی نظریاتی کونسل علامہ عارف حسین واحدی نے سویڈم میں قرآن کریم کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغرب اسلام کے غلبے سے خوفزدہ ہوکر مسلمانوں کو اسلامی روح اور دینی حمیت سے دور کرنے کے لئے مسلسل اس طرح کی سازشیں اور گستاخیاں کر رہا ہے اور جب تک مسلمان متحد نہ ہونگے یہ سازشیں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا فوری اجلاس بلانے کا اقدام بہتر ہے مگر عملی قدم نہ اٹھاکر کمزوری دکھائی گئی اگر او آئی سی اعلان کرتی کی تمام اسلامی ممالک اپنے ملکوں سے سویڈش سفیر کو نکال دیں تو مغربی دنیا کو مضبوط پیغام جاتا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ عالم اسلام کی عظیم راہنما مرجع عالیقدر حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی نے امت مسلمہ کی نمائندگی کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو احتجاجی خط بھیج کر بہت احسن قدم اٹھایا ہے جس کا فوری ردعمل آیا اور مسیحیت کے راہنما پاپ نے بھی اس سانحے کی مذمت کی ہے مگر ضروری ہے کہ غیرت دینی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس گستاخی کو ٹیسٹ کیس بنائیں اور سویڈن سے اپنے تعلقات ختم کریں۔