حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے آرٹس کونسل ہال میں منعقدہ شہادت امام حسین کانفرنس میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا: دنیا میں ہر مسلمان اور غیر مسلم یہ حقیقت تسلیم کرتا ہے کہ امام حسین علیہ السلام اور ان کے یار و انصار نے ظلم و جبر کے سامنے ڈٹ کر اتنی بڑی قربانی دی مگر یزیدی استبداد کے سامنے جھکنے سے انکار کردیا ،دنیا میں ہر حریت پسند اور آزادی خواہ کہیں بھی کسی ظالم و جابر کے مقابلے میں جدوجہد کر تے ہویے امام حسین کو اپنے لئے رول ماڈل سمجھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ہر مسلمان اس حقیقت کو تسلیم کرتا ہے کہ یزیدی کردار نے اسلام کے سنہری اور حیات بخش اصولوں کو مسخ کرنے اور اسلامی اور انسانی اقدار کو مٹانے کے لئے کوئی کسر باقی نہ چھوڑی مگر نواسہ رسول (ص) نے اتنی بڑی قربانی دے کر ہر یزیدی سازش کو بے نقاب کرتے ہوئے اسے نقش بر آب کر دیا اور قیامت تک کے لئے اسلام کو زندہ و تابندہ کر دیا۔
علامہ عارف واحدی نے کہا: ہم ہر سال امام حسین علیہ السلام کی یاد مناتے ہیں مگر کیا ہم یزیدی کردار سے معاشرے کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں یا نہیں؟؟؟ یہ نکتہ مولا حسین کی یاد منانے والوں اور سیاسی قیادت کو سنا رہا ہوں اب جو ملک میں سیاسی حالات چل رہے ہیں کیا یہ امت مصطفی (ص) میں وہی بگاڑنہیں جس کی نواسہ رسول (ص) اصلاح کرنا چاہتے تھے؟۔ اس اصلاح کے لیے شہیدان کربلا نے اتنی بڑی قربانی دی -مگر ہمارا معاشرہ مسلسل بگاڑ کی طرف جا رہا ہے۔ سیاسی، معاشی، سماجی فرقہ واریت اور ناامنی کےحوالے سے بگاڑ ہی بگاڑ ہے۔ تو کیا ہم حسینی کردار پہ چل رہے ہیں ؟؟؟ اس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
آپ کا تبصرہ