۱۷ تیر ۱۴۰۳ |۳۰ ذیحجهٔ ۱۴۴۵ | Jul 7, 2024
علامہ شبیر میثمی

حوزہ / علامہ شبیر حسن میثمی نے وفاقی وزیر داخلہ و وفاقی سیکرٹری داخلہ، وفاقی وزیر اطلاعات و وفاقی سیکرٹری اطلاعات و دیگر کو خطوط ارسال کئے ہیں۔ جن میں عزاداری کے سلسلہ میں کسی بھی قسم کی محدودیت سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے۔‎

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا: چار دیواری کے اندر مجالس و محافل کے انعقاد پر بانیان کے خلاف مقدمات کا اندراج غیر آئینی اقدام ہے، یہ سلسلہ روکا جائے۔

انہوں نے مزید کہا: توازن کی غیر منصفانہ و ظالمانہ پالیسی کے تحت علماء و ذاکرین عظام ،خطباء حضرات اور معتدل مزاج شخصیات پر مختلف اضلاع میں داخلے پر پابندی اور زبان بندی سے اجتناب لازم ہے، انتظامیہ کی جانب سے مجالس و جلوس عزا پر بلاجواز پابندی حتیٰ کہ چار دیواری کے اندر مجالس پر پابندی، جلوسوں میں رکاوٹ، محدودیت، بانڈ فلنگ اور این او سی جیسی شرائط عائد کرنے اور مختلف حیلے بہانے بنا کر مجالس و جلوسوں میں رکاوٹ ڈالنے سے باز رکھا جائے۔ امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے مثبت، سنجیدہ فکر اور معتدل مزاج افراد کی خدمات حاصل کی جائیں۔

انہوں نے کہا: عشروں سے روایت رہی ہے کہ "یکم محرم تا 10 محرم" کے دوران وسیع پیمانے پر الیکٹرانک میڈیا پر پروگرامز نشر اور پرنٹ میڈیا پر آرٹیکلز شائع ہوتے تھے لیکن کچھ عرصہ سے محرم الحرام کے حوالے سے انتہائی محدودیت دیکھی جا رہی ہے لہذا اس سلسلہ میں سابقہ مثبت روایت کو برقرار رکھنے کی تلقین کی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں ملک بھر میں بجلی کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ ملک دشمن، دہشتگرد اور شرپسند عناصر ناجائز فائدہ نہ اٹھا سکیں۔

مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماءکونسل پاکستان نے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ،وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین ،چیئرمین پاکستان الیکڑانک میڈیا ریگولر اتھارٹی محمد سلیم بیگ،وفاقی سیکرٹری داخلہ، وفاقی سیکرٹری اطلاعات،چیئرمین پی ٹی وی، ڈی جی ریڈیو،کوآرڈینیٹر نیکٹا، گورنرز، وزراءاعلیٰ، چیف سیکرٹریز، ہوم سیکرٹریز ، آئی جیز پولیس کو الگ الگ خطوط کے ذریعے آمدہ ماہ مقدس محرم الحرام 1446ھ و صفر المظفر کے اہم امور بارے متوجہ کیا ہے ۔

انہوں نے مزیدکہا: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی جانب سے تمام ذمہ داران اتحاد بین المسلمین، وحدت و یکجہتی کے فروغ ، امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے ہر سطح کی انتظامیہ سے مثبت و بھر پور تعاون کی ہدایت جاری کی جا چکی ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں اور ہر سطح کی انتظامیہ سے بھی مثبت و بھرپور تعاون کی توقع ہے ۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .