۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ سید ساجد نقوی، محرم الحرام

حوزہ / علامہ سید ساجد نقوی نے صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کوالگ الگ خطوط ارسال کر کے کہا ہے کہ مجالس ع عزاداری کے سلسلہ میں محدودیت وغیرہ سے گریز کیاجائے اور ان ایام میں بجلی کے ترسیلی نظام کو یقینی و موثر بنایا جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ ارباب اختیار محرم الحرام میں مجالس، محافل اور جلوس ہائے عزا کے انعقاد کو بلا رکاوٹ آزادی کے ساتھ بنانے کے اقدامات جاری کریں، محرم و صفر المظفر کے ایام لوڈ شیڈنگ فری ایام بھی قرار دئیے جائیں تاکہ نہ صرف عقیدت مند ان شہدائے کربلا کو بھر پور انداز میں خراج عقیدت پیش کر سکیں بلکہ دہشت گردی و تخریب کاری کو ناکام بنانے میں یہ عمل معاون ثابت ہو سکے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو الگ الگ خطوط کے ذریعہ آمدہ ماہ مقدس محرم الحرام 1446ھ و صفر المظفر کے اہم امور کے بارے میں متوجہ کرتے ہوئے کہا: پوری دنیا، عالم اسلام کی طرح پاکستان میں بھی تمام مسلمانوں سمیت دیگر مذاہب کے لوگ بلا تفریق مذہب و مسلک امام انسانیت، نواسہ رسول ص اور ان کے رفقا ء کو اپنے اپنے انداز میں گلہائے عقیدت پیش کرتے ہیں اوران کی یاد مناتے ہیں، اس سلسلے میں مختلف انداز میں مجالس، محافل، جلوس ہائے عزا کا انعقاد ملک کے طول و عرض میں ہوتا ہے۔

انہوں نے متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ مجالس، محافل، جلوس ہائے عزا کا آزادانہ انعقاد یقینی بنایا جائے، یکم محرم تا 10محرم الحرام میں امام عالی مقام ،شہدائے کربلا اور فلسفہ کربلا کے حوالے سے الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی پروگرامز اور پرنٹ میڈیا پر خصوصی کالمز، مضامین اور خصوصی ضمیمے (سپیشل ایڈیشنز) کی سابقہ روایات کو برقرار رکھا جائے اور اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی محدودیت سے گریز کیا جائے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: محرم الحرام کے ایام میں بجلی کے ترسیلی نظام کو یقینی و موثر بنایا جائے تاکہ ایک طرف عقیدت مند شہدائے کربلا کو بھرپور انداز میں جہاں خراج تحسین پیش کر سکیں وہیں دہشتگردوں اور تخریب کاروں کے مذموم مقاصد کو بھی ناکام بنانے میں یہ عمل معاون ثابت ہو سکے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .