۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
علامہ  مقصود ڈومکی

حوزہ/ پاکستان میں بسنے والے شیعہ سنی مسلمان نواسہ رسول امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا سے عشق و عقیدت رکھتے ہیں اسی لئے محرم الحرام اتحاد بین المسلمین اور بیداری امت کا مہینہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کوئٹہ/مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے استقبال محرم الحرام کے سلسلے میں مدرسہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کوئٹہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام نواسہ رسول حضرت امام حسین عالی مقام علیہ السلام کی بے مثال قربانی اور ایثار کا مہینہ ہے آل رسول نے دین اسلام کی بقاء اور سربلندی کے لئے کربلا میں جو بے مثال قربانی پیش کی وہ تا ابد انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔ بہتر ساتھیوں کے ہمراہ یزیدی سلطنت سے ٹکر لے کر فرزند رسول نے باطل کو عبرتناک شکست دی اور اسلام کو زندہ کردیا۔ امت مسلمہ اور عالم انسانیت ان کا یہ عظیم احسان کبھی نہیں بھلا سکتی۔ یہی سبب ہے کہ ہر سال دنیا بھر میں کروڑوں انسان نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کو محسن انسانیت سمجھتے ہوئے ان کا غم مناتے ہیں اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان حسینیوں کی سر زمین ہے بانیان پاکستان بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح اور حکیم الامت حضرت علامہ اقبال کا شمار اھل بیت رسول کے عاشقوں اور امام حسین علیہ السلام کے عزاداروں میں ہوتا ہے۔ پاکستان میں بسنے والے شیعہ سنی مسلمان نواسہ رسول امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا سے عشق و عقیدت رکھتے ہیں اسی لئے محرم الحرام اتحاد بین المسلمین اور بیداری امت کا مہینہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام عظیم عبادت ہے آئین پاکستان ہماری مذہبی آزادی کا ضامن ہے عزاداری جلوس عزاء اور مجالس عزا پر کسی قسم کی پابندی غیر آئینی غیر قانونی عمل ہے جو بنیادی شہری حقوق کے خلاف ہے لہذا اسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ 
انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔ سیکورٹی کے نام پر عزاداروں اور عام شہریوں کو تنگ کرنے کی بجائے ملک دشمن دھشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .