۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ راجہ ناصرعباس

حوزہ/علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے پیغام محرم الحرام میں  کہا  کہ محرم الحرام تلوار پر خون کی فتح کا مہینہ ہے، محرم الحرام ہمیں ظالم قوتوں کے سامنے مقاومت و قیام کرنے اور مظلوموں کی حمایت کا درس دیتا ہے.

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے پیغام محرم الحرام میں  کہا  کہ محرم الحرام تلوار پر خون کی فتح کا مہینہ ہے، محرم الحرام ہمیں ظالم قوتوں کے سامنے مقاومت و قیام کرنے اور مظلوموں کی حمایت کا درس دیتا ہے، کربلا دو شہزادوں کی جنگ نہیں بلکہ حق و باطل کی جنگ ہے، امام عالی مقام نواسہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے دنیا بھر کے حریت پسندوں کو درس دیا کہ ذلت کی زندگی سے عزت کی موت بہتر ہے،ظالم قوتوں سے بلا خوف خطر ٹکرانے کا نام ہی شیوہ حسینی ہے،اسلام پر سب کچھ قربان کیا جاسکتا ہے مگر اسلام کو کسی چیز پر بھی قربان نہیں کیا جاسکتا۔

 انہوں نے کہا کہ ہمیں محرم الحرام اور روز عاشور کی خونی شہادتوں سے کبھی غافل نہیں ہونا چاہیئے اور ان کے اسباب کو جاننا چاہیئے۔    اگر ہم کربلا کو سمجھ لیں اور اپنی زندگی میں اسے بروئے کار لائیں تو لشکرِ امام حسین علیہ السلام میں داخل ہوسکتے ہیں اور ہر زمانے کے ظالم و ستمگر کے مدِّ مقابل آسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہادت کا راستہ تمام راستوں سے زیادہ روشن ہے، شہید سب سے زیادہ جاذبِ نظر ہوتا ہے اور سب نے دیکھ لیا کہ قیام حسینی علیہ السلام اور ان کے خون سے بنو امیہ رسوا پھر نابود ہوگئے، دین اسلام کو کمال و دوام حاصل ہوا، ساکت و پست حوصلہ افراد کو دین کی حفاظت اور شہادت کا حوصلہ ملا۔ پھر اس کے بعد کتنی ہی آذادی کی تحریکیں چلیں اورظالم حکومتوں کو نابود کرتی گئیں، پس دین کی پاسداری عاشورا کا ایک اہم پیام ہے۔

انہوںنے مزیدکہاکہ پیغام محرم الحرام ہمیں مظلومین جہاں کی نصرت وحمایت کا درس دیتا ہے آج کشمیر، فلسطین، یمن اور بحرین کے مظلومین کی حمایت اور ان کی مدد کرنا ہم پر فرض ہے، پوری مسلم امہ اگر اسوہ شبیری پر عمل پیرا ہوں تو وہ دن دور نہیں کہ اسلام دین محمدی کے دشمن رسوا ہوں اور حقیقی اسلامی نظام کا بول بالا ہوں، ہمیں محرم الحرام کی حرمت اور امام عالی مقام علیہ السلام کی درس حریت سے سبق حاصل کرتے ہوئے امن، محبت، صبر، استقامت اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنا ہوگا، یہی درس کربلا اور مقصد شہادت امام عالی مقام علیہ السلام ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .