۲۳ آذر ۱۴۰۳ |۱۱ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 13, 2024
علامہ راجہ ناصر

حوزہ / چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے محرم الحرام 1446ھ کے آغاز پر پیغام جاری کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے محرم الحرام 1446ھ کے آغاز پر جاری اپنے ایک پیغام میں کہا: ماہ ‎محرم الحرام کے مقدس ایام کا آغاز ہو چکا ہے۔ امام مظلوم کربلا علیہ السلام کا تعلق محض کسی مخصوص مسلک سے نہیں۔

انہوں نے مزید کہا: نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کے محسن اور ہر باضمیر کے امام ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا: ماہ محرم میں عزاداری مظلوم ‎كربلا کے ساتھ مقصد امام حسین علیہ السلام کو بھی مدنظر رکھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا: امام حسین علیہ السلام نانا کے دین کو بچانے نکلے تھے۔ سید الشہداء نے اپنے أقرباء و انصار کو دین پر قربان کر کے یہ درس دیا کہ جب باطل قوتیں مدمقابل ہوں تو افرادی قوت یا جنگی ساز و سامان کی کمی کوئی معنی نہیں رکھتی۔

ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ نے کہا: امام برحق کا یہ جملہ کہ "مجھ جیسا اس جیسے کی بیعت نہیں کر سکتا"، رہتی دنیا تک امام حسین علیہ السلام کے چاہنے والوں کے لیے ایک اٹل اصول ہے۔

انہوں نے کہا: آج اسلام دشمن قوتوں کے خلاف جو بھی ڈٹ کر کھڑا ہو گا وہ خود کو حسینی کہنے میں حق بجانب ہو گا۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا: ماہ ‎محرم الحرام میں عزاداری کو مقدم رکھیں۔ کوئی بھی مسلک کسی کی دل آزاری کا سبب نہ بنے۔ کسی کے مقدسات کو نشانہ بنانے یا مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال صریحاً غلط اور مسلم امہ کو کمزور کرنے کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا: مومن وہ ہے جو سخت سے سخت حالات میں بھی حکمت و بصیرت کے دامن کو ہاتھ سے نہ چھوڑے۔ فرضی ناموں سے شیئر ہونے والی توہین آمیز اور متنازع پوسٹوں کو آگے پھیلانے والے انجانے میں دشمنوں قوتوں کے سہولت کار کا کردار ادا کر رہے ہوتے ہیں جو ‎اسلام دشمنی ہے۔ امام علیہ السلام کی حکمت، دانش اور بصیرت کو سمجھنا اور اس کی پیروی کرنا ہم سب پر واجب ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .