حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شہزادہ علی اکبر علیہ السلام کے الفاظ کو نقل کرتے ہوئے کہا: ہم اگر ہم حق پر ہیں تو فرق نہیں پڑتا کہ ہم موت پر جا پڑیں یا موت ہم پر آ پڑے۔
انہوں نے مزید کہا: زبان شبیہ پیغمبر (ص) سے نکلے ہوئے یہ الفاظ دین اسلام کا وہ مسلمہ اصول ہیں جو باوقار طرز زندگی کی طرف رہنمائی کرتے ہیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا: شہزادہ علی اکبر علیہ السلام صورت اور سیرت میں رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مشابہت رکھتے تھے۔ انہیں شبیہ پیغمبر کہا جاتا تھا۔ روایات کے مطابق میدان کربلا کے آپ پہلے ہاشمی شہید ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: امام عالی مقام سید الشہداء حضرت حسین علیہ السلام نے دین اسلام کی حفاظت کے لیے سب سے پہلے اپنے بیٹے کو دشمنان اسلام کے مقابلے میں بھیجا اور یہ ثابت کیا کہ خاندان رسالت (ص) کے لیے جان، مال اور اولاد سے زیادہ قیمتی شے دین اسلام ہے جس کو بچانے کے لیے ہر قربانی دی جا سکتی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ نے کہا: میدان کربلا میں دشمنوں کو تہہ تیغ کرنے کے واقعات علی اکبر علیہ السلام کی جرات و جوانمردی کا وہ باب ہیں جو جوانان اسلام کے لیے مشعلِ راہ اور قابل تقلید نمونہ ہیں۔