۲۲ آذر ۱۴۰۳ |۱۰ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 12, 2024
ایم ڈبلیو ایم سیکریٹری جنرل

حوزہ/مرکزی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر عباس شیرازی نے دیگر مرکزی رہنماؤں ملک اقرار حسین علوی، سید زاہد کاظمی، ارشاد حسین بنگش اور سید نیاز بخاری کے ہمراہ اسلام آباد کے جلوس عزاء میں پریس کانفرنس کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ آج نو محرم پوری دنیا میں لوگ امام حسین علیہ السلام کے غم میں غمزدہ ہیں، اپنے اپنے انداز میں لوگ غم مناتے ہیں، کچھ ایسی قوتیں ہیں جو اس موقع پر حالات خراب کرنے کی کوشش کرتی ہیں، جب بھی مسلمانوں کے کوئی مخصوص دن آتے ہیں تو اسٹیٹ کی جانب سے پریشر بڑھایا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھکھی شریف شیخوپورہ جلوس عزاء پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انتظامیہ واقعے میں ملوث قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرے۔

سید ناصر شیرازی نے کہا کہ لوگوں کی مذہبی آزادی کو محدود کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، عزاداری پر کسی قسم کی قدغن قبول نہیں کریں گے اور نہ کسی قوت کے عزاداری کے خلاف مذموم عزائم کو کامیاب ہونے دیں گے، یہاں کوئی فرقہ واریت نہیں ہے، شیعہ سنی ہم سب ایک ہیں، پاکستان کے دشمن واضح ہیں۔

انہوں نے عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انتشار پھیلانے والے نا شیعہ ہیں نا ہی سنی وہ دشمن کے آلہ کار ہیں، محرم الحرام امن و سلامتی، باہمی بھائی چارے اور رواداری کا پیغام دیتا ہے، ایام حسینی کے پروگرامات کے لئے پورے ملک میں مشکلات ہیں لیکن سب سے زیادہ پنجاب میں مشکلات ہیں، بلا جواز پابندیاں بنیادی مذہبی اور آئینی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، بعض جگہوں پر انتظامیہ بہترین تعاون بھی کر رہی ہے، جلوس عاشورا کے لئے بہترین انتظامات پر اسلام آباد انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر رہنما ایم ڈبلیو ایم علامہ سید زاہد کاظمی نے کہا کہ امام حسین ع کی شہادت کا مقصد انسانیت کی فلاح تھی، آج ساری دنیا حسین علیہ السلام کے ساتھ ہے، حکومت پنجاب ایک طرف سبیل اور لنگر کی بات کر رہی ہے تو دوسری طرف عزاداروں کے لئے مشکلات کھڑی کر رہی ہے، قول اور فعل میں تضاد نہیں ہونا چاہیئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .