۱۸ شهریور ۱۴۰۳ |۴ ربیع‌الاول ۱۴۴۶ | Sep 8, 2024
علامہ علی حسنین

حوزہ/ محرم الحرام کی آمد پر ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ علی حسنین نے کہا کہ ہم سب کے لئے ضروری ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے فلسفے کو سمجھنے کیلئے کربلا کے واقعات کا بغور مطالعہ کرے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ امام حسین علیہ السلام نے ہم سب کو ظالم کے خلاف قیام کا درس دیا ہے۔ سید الشہداء کی قربانی کے پیغامات کو سمجھنے کے لئے کربلا کے ہر پہلو کا مطالعہ کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مجالس عزاء و عزاداری کیلئے مناسب انتظامات کئے جائیں۔ خواتین کی مجالس میں خواتین پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔ ہماری جانب سے بھی تعاون کیا جائے گا۔

انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں محرم الحرام کی آمد کے سلسلے میں کہا کہ ماہ عزائے نواسہ رسول سید الشہداء علیہ السلام صرف مسلمانوں کے لئے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لئے ظالم کے خلاف آواز بلند کرنے اور عدل کے نظام کے قیام کے لئے جدوجہد کا درس دیتا ہے۔ امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام نے دین اسلام کی بقاء کی خاطر اپنے پیاروں کی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اپنے نانا پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے دین کی حفاظت کی۔

انہوں نے کہا کہ کربلا کے ہر پہلو میں ہمارے لئے پیغامات پوشیدہ ہیں۔ یزید امام حسین علیہ السلام کی بیعت کے بدلے انہیں دنیا جہاں کی دولت دینے کے لئے تیار تھا، تاہم امام عالی مقام (ع) نے اپنے ضمیر اور دین اسلام کا سودا نہیں کیا اور ظالم کے خلاف قیام کیا۔ ہم سب کے لئے ضروری ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے فلسفے کو سمجھنے کے لئے کربلا کے واقعات کا بغور مطالعہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ دور حاضر ہمیں کربلا کی پیروی کرتے ہوئے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنی ہے۔ دنیا کے کسی بھی کونے میں کوئی ظالم کسی کا قتل عام کرے تو ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرے۔

علامہ علی حسنین نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مختلف مقامات پر مجالس عزاء، عزاداری کا انعقاد ہوتا ہے، جبکہ جلوس بھی برآمد ہوتے ہیں۔ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر ذمہ داران سیکیورٹی اور صفائی کے مناسب انتظامات کریں، جبکہ ہماری جانب سے ان کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بعض مقامات پر ایام عزاء کے دوران خواتین کے لئے مجالس عزاء کا انعقاد کیا جاتا ہے، جہاں سیکیورٹی اور انتظامی امور کے لئے خواتین پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .