۲۶ شهریور ۱۴۰۳ |۱۲ ربیع‌الاول ۱۴۴۶ | Sep 16, 2024
کربلا

حوزہ/ کربلا کے گورنر انجینئر نصیف جاسم الخطابی نے حال ہی میں بین الاقوامی میڈیا کے وفد سے بات کرتے ہوئے یہ خوشخبری دی کہ کربلا میں جلد ہی ایک بین الاقوامی ہوائی اڈا قائم کیا جائے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کربلا کے گورنر انجینئر نصیف جاسم الخطابی نے حال ہی میں بین الاقوامی میڈیا کے وفد سے بات کرتے ہوئے یہ خوشخبری دی کہ کربلا میں جلد ہی ایک بین الاقوامی ہوائی اڈا قائم کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے مولانا تقی رضا کے سوال کے جواب میں کہی۔ اس موقع پر روزنامہ صدائے حسینی کے ایڈیٹر سید جعفر حسین نے کربلا میں حکومت کے انتظامات کی تعریف کی اور کہا کہ یہاں کی عوام کروڑوں زائرین کی مہمان نوازی کرتی ہے جبکہ حکومت ان کے حفاظتی انتظامات اور دیگر امور کی دیکھ بھال کرتی ہے۔

گورنر الخطابی نے بتایا کہ اس سال کربلا میں 25 ملین زائرین کی آمد متوقع ہے، جبکہ آنے والے سالوں میں یہ تعداد 80 ملین تک پہنچ سکتی ہے۔ سید جعفر حسین نے آیت اللہ خامنہ ای اور آیت اللہ سیستانی کا بھی شکریہ ادا کیا جو ہر وقت مظلوموں کی حمایت میں آواز بلند کرتے ہیں، خاص طور پر آج کے دور میں جب کہ وہ غزہ کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔

سید جعفر حسین نے اس ملاقات میں گورنر سے جنت البقیع کی دوبارہ تعمیر کے لیے آواز اٹھانے کی بھی درخواست کی۔

کربلا میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قیام کا اعلان، زائرین کی تعداد میں بڑے اضافے کی توقع

گورنر نے مزید کہا کہ کربلا میں موجود عتبات عالیہ کے لیے انتظامات ان کے اپنے ہوتے ہیں، اور انہوں نے امام حسین علیہ السلام کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے امام حسینؑ کی شہادت کے انقلاب آفریں اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی (رح) اور مہاتما گاندھی جیسے رہنماؤں نے ان ہی اصولوں کی بنیاد پر ظالم حکومتوں سے قوموں کو نجات دلائی۔

اسی تقریب میں صفیر ٹی وی کے عبد اللہ حسین نے بھی ہندوستانی صحافیوں کو خاص دعوت دینے کی بات کی تاکہ وہ اربعین کے موقع پر کربلا کی اہمیت کو اجاگر کر سکیں۔

تقریب کے دوران سید محمد قیام اور زینب مرزا سمیت دیگر ممالک کے صحافی بھی موجود تھے۔ گورنر نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں عشائیہ پر مدعو کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہندوستانی زائرین کے لیے فوری ویزا کی سہولت کے حوالے سے وزارت خارجہ سے بات کریں گے۔

آخر میں سید جعفر حسین نے گورنر کربلا کو روزنامہ صدائے حسینی کا تازہ شمارہ پیش کیا جسے دیکھ کر گورنر الخطابی کافی متاثر ہوئے اور ان کے ساتھ تصویر بھی لی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .