۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
متولی حرم امام رضا(ع)

حوزہ/ حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ محرم الحرام کے دوران معتبر ذرائع اور ماخذ سے مصائب پڑھے جائیں ؛کہا کہ محرم الحرام کی عزاداریوں اور مجالس میں حسینی تحریک کے حیات بخش اسباق کو بھی بیان کیا جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے’’اذن عزاء‘‘ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے پیغمبراسلام(ص) اور آئمہ معصومین علیہم السلام کو محرم و صفر کے حقیقی صاحبان عزاء قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجلس اباعبد اللہ الحسین علیہ السلام کی عظمت اور عزاداری کے اداب کو مدّ نظر رکھتے ہوئے ان صاحبان عزاء کی اجازت سے امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کا آغاز کیا جانا چاہئے۔

انہوں نے عزاداری و مجالس میں عاشورا کے سبق آموز واقعات کے بیان کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وقت گزرنے اور دشمنوں کے دباؤ اور کینہ پروریوں کے باوجودعزاداری امام حسین علیہ السلام کی عظمت اور شان و شوکت میں کمی نہیں آئی بلکہ عاشوراکی عظمت و اقتدارنے وقت اور دلوں کو اس طرح مسخر او ر فتح کرلیا ہے کہ اباعبد اللہ الحسین علیہ السلام کانام اور عزاداری ماضی کی نسبت زیادہ درخشاں ہوئی ہے۔

حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کانور ہرگز نہیں بجھایا جا سکتا،انہوں نے کہا کہ واقعہ عاشورا عزت و عظمت کا مظہر ہے اورامام حسین علیہ السلام کی شہادت تک تحریک عزت و شرافت کے حصول کے لئے تھی اس لئے ہمیں عزاداریوں میں اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہئے کہ کہیں ہماری زبان سے ایسی باتیں نہ نکلیں جو عزت حسینی کی شان کے خلاف ہوں اور عزاداریوں میں ایسے مطالب ہرگز بیان نہ کئے جائیں جن سے حسینی عزت کو ٹھیس پہنچے۔

حجت الاسلام مروی نے کہا کہ مجالس میں شجاعت و بہادری، لگن، ایثار، فداکاری اور ظالموں کے خلاف ڈٹ جانے کے جذبے کو پیدا کیا جائے ،انہوں نے تحریک عاشورا کو عزت و آزادی دینے والی تحریک قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحریک عاشورا معاشرے کو زندگی عطا کرتی ہے ؛عاشورا در حقیقت حقیقی ایمان و اسلام کا فروغ اور امام حسین ایک با ایمان انسان کا نمایاں مظہر ہیں،اس لئے امام حسین علیہ السلام کی عزاداریوں میں حقیقی ایمان کو بیان کیا جائے ۔

حجت الاسلام والمسلمین مروی نے مجالس ومصائب میں پڑھے جانے والے مطالب کے حوالے سے زور دیا کہ معتبر ذرائع سے بیان کئے جائیں ،ہر وہ خواب یا ضعیف روایت جو امام حسین علیہ السلام کی عزت و عظمت کے خلاف ہو اسے ہرگز بیان نہ کیا جائے ۔

انہوں نے حضرات معصومین علیہم السلام کی مجالس وعزاداری، امام حسین علیہ السلام کی مناسبت سے بیان کئے جانے والے فرامین اور سیرت معصومین (ع) کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر آئمہ اطہار(ع) کی زندگی کا مطالعہ کیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ آئمہ معصومین علیہم السلام نے امام حسین علیہ السلام کے مصائب بیان کرنے اور مجالس و عزاداری کے انعقاد کے لئے خصوصی سفارشات فرمائی ہیں جس سے اسلام کی بقا میں حسینی تحریک کے کردار کی اہمیت کا پتہ چلتا ہے۔

گفتگو کے آخر میں حجت الاسلام مروی نے ملک کے بعض حصوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث مفقود اور وفات پانے والے افرادپر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے باعث جان بحق ہونے والے ہموطنوں پر تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں اور حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی نورانی بارگاہ میں خداوند متعال سے ان افراد کے لئے رحمت و مغفرت اور ان کے تمام لواحقین کے لئے صبرواجر کا خواہاں ہوں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .