۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
اشفاق وحیدی

حوزہ / امام جمعہ ملبورن نے کہا: محرم الحرام نے اسلام کو حیات بخشی ہے اور دین الہی میں روح کی حیثیت رکھتا ہے۔  اللہ تعالی نے ہر چیز کے لیے پھلنے پھولنے کا ایک موسم بنایا ہے اور دین الہی کے پھلنے پھولنے کا موسم محرم الحرام ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ ملبورن اور شیعہ علماء کونسل پاکستان شعبہ آسٹریلیا کے رہنما حجت الاسلام اشفاق وحیدی نے نماز جمعہ کے خطبہ میں استقبال ماہ محرم کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: عزاداری، فرش عزاء، مجالس، ماتم داری ایسی خوشبوی کربلا ہے جو پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا: آیت اللہ بہجت مرحوم نے فرمایا تھا کہ "مجالس عزاء و عزاداری میں جانے والوں سے اگر کوئی پوچھے کہ آپ کہاں جا رہے ہیں؟ تو وہ جواب میں کہیں، کربلا جا رہا ہوں"۔

امام جمعہ ملبورن نے کہا: ہمیں اس عبادت میں خود سازی کے ساتھ ساتھ محرم کے پیغام کو اپنے کردار کے ذریعے دنیا تک پہچانا ہے۔ آج ہم اس فرش عزاء پر مجالس و عزاداری میں اس نیت سے شرکت کریں کہ ہمیں گناہ کو چھوڑنا ہے اور نیکیوں کو انجام دینا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: عصر حاضر کا یزید ان مجالس اور عزاداری سے اس لیے گھبراتا ہے کیونکہ ان مجالس کے ذریعے سے ان کے چہرے سے پردہ چاک ہوتا ہے اور حق و باطل کی پہچان ہوتی ہے اور ظالم اور مظلوم کا فرق معلوم ہوتا ہے ۔

حجت الاسلام اشفاق وحیدی نے امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے فرمان کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فرمایا تھا کہ "یہ جو عزادار اور ماتمی امام حسین علیہ السلام کے غم میں اپنے سینے پر ہاتھ مارتے ہیں تو یہ در حقیقت دور حاضر کے یزید کے منہ پر طمانچہ ہے" اور اسی طرح فرمایا "آج جو کچھ ہمارے پاس ہے محرم کی وجہ سے ہے "۔

انہوں نے کہا: کچھ عناصر طاغوتی طاقتوں کے آلۂ کار بن کر محرم کے اصلی پیغام کو دبانے میں سرگرم عمل ہو جاتے ہیں۔ ان کی ان کوششوں کو شیعہ سنی مل کر ناکام بنا دیں۔

حجۃ الاسلام اشفاق وحیدی نے کہا: واقعۂ کربلا اخوت اور اتحاد وحدت کا بہترین درس ہے۔ تمام مذاہب کے لوگ نواسۂ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مختلف انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں کیونکہ امام عالی مقام علیہ السلام کی شہادت کسی ایک مکتب کے لیے نہیں تھی بلکہ انسانیت کی بقاء کے لیے تھی۔

امام جمعہ ملبورن نے خطباء، علماء اور ذاکرین سے اپیل کی کہ منبر حسینی (ع) سے ایسا پیغام دیا جائے جس سے عالم اسلام میں اتحاد وحدت کی فضاء کو فروغ ملے اور استعماری طاقتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .