۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
اشفاق وحیدی

حوزہ / امام جمعہ ملبورن نے کہا: علوم محمد و آل محمد اور محبت معصومین علیہم السلام جہنم کی آگ  اور گناہ سے ڈھال ہے۔ مکتب اہل بیت علیہم السلام تمام مکاتب سے ممتاز اس لیے ہے کیونکہ محبان اہلبیت علیہم السلام کی راہنمائی اور ہدایت کے لیے اللہ سبحانہ و تعالی نے اپنی حجت کو قیامت تک باقی رکھا جو کہ اس زمانے کے امام حضرت حجت عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ ملبورن اور شیعہ علماء کونسل پاکستان شعبہ آسٹریلیا کے رہنما علامہ اشفاق وحیدی نے تسمانیہ ہوباٹ میں عشرہ محرم الحرام کی مجالس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا: امام حسین علیہ السلام نے اپنے عمل اور کردار کے ذریعہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کر کے بتا دیا کہ قیامت تک آنے والے یزیدی اور اس کے آلہ کار کی بیعت نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا: واقعۂ کربلا سے ہمیں علم کے ساتھ ساتھ شعور اور معرفت بھی حاصل ہوتی ہے اور اس کے ذریعہ ہم دور حاضر کی استعماری اور طاغوتی طاقتوں کی چالوں سے باخبر رہ کر ان کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار اور آمادہ رہتے ہیں۔

علامہ اشفاق وحیدی نے پاکستان کے حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: پاکستان کے صوبہ پنجاب میں انتظامیہ اور پولیس کے متعصب افسران کی جانب سے چاردیواری کے اندر مجالس میں رکاوٹ ڈالنا تشویش ناک ہے۔ جس کی پوری دنیا میں پھیلے ہوئے مومنین عزاداری کے اجتماعات کے ذریعے بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے افسران کے خلاف فوری قانونی کاروائی کر کے دس محرم سے پہلے حالات کو بہتر بنایا جائے۔

علامہ اشفاق وحیدی نے پاکستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں پاکستان آرمی کے افسران اور نوجوانوں جو گذشتہ دن سیلاب زدگان کو مدد پہنچاتے ہوئے شہید ہوئے، ان کی درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کرائی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .