حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، اسلامی تحریک پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف واحدی نےپاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی کی طرف سے ایران پر صیہونی ریاست کی جارحیت،آمدہ محرم الحرام کے بارے میں منعقدہ ایک اہم مشترکہ اجلاس میں شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے صیہونی ناجائز ریاست کے ایران پر ناجائز حملے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا: عالمی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ایران کے خلاف جارحیت کی گئی مگر خوش آئند ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور دیگر مسلمان ممالک کے علاوہ تمام دنیا اس کی مذمت کر رہی ہے۔ ساتھ ساتھ ایران نے بھی تل ابیب اور حیفہ پر جوابی کاروائی کر کے ان کے تمام مظالم کے حساب برابر کر دئے ہیں۔
انہوں نے علامہ طاہر محمود اشرفی کو یہ پروگرام رکھنے اور امن و امان کے علاوہ ملکی استحکام اور وحدت امت کے لئے جدوجہد کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مزید کہا: ایران پر چھوٹا شیطان ناکام ہوا تو اب بڑا شیطان مداخلت کی دھمکیاں دے رہا ہے مگر امام خامنہ ای نے واضح فرمایا ہے کہ ہم پوری قوت کے ساتھ جواب دیں گے، ہمارے لئے ایران نہیں اسلام اہم ہے، ہم سربکف ہیں قربانی دیں گے مگر غزہ پر ظلم و ستم کا انتقام لیں گے۔

علامہ عارف واحدی نے محرم الحرام کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا: ہم کسی سازش اور فرقہ واریت کا شکار نہیں ہوں گے اور مل کر اتحاد اور امن برقرار رکھیں گے۔
انہوں نے کہا: قائد محترم علامہ سید ساجد علی نقوی کا بھی ہمیں ہمیشہ یہی حکم ہوتا ہے کہ تمام مقررین اور بانیان کو پیغام دیں کہ مشترکات پر گفتگو ہو، وحدت امت کو مدنظر رکھا جائے، کسی مسلک کے مقدسات کی قطعا توہین نہ کی جائے، ہر مسلک نواسۂ رسول کی یاد مناتا ہے دوسرے مسالک کے مقدسات کی توہین قابل برداشت نہیں ہم مل کر کام کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ اس پروگرام میں تمام مسالک کے علماء و مشائخ خاص کر جناب پیر نقیب الرحمان اور مولانا اقبال رضوی بھی شریک ہوئے۔ مشترکہ اعلامیہ میں اسرائیل کی شدید مذمت اور ایران کی حمایت کا اعلان کیا گیا اور محرم کو پرامن طریقے سے منانے کی اپیل کی گئی۔









آپ کا تبصرہ