حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل جموں وکشمیر مظفرآباد پاکستان سید زوار حسین نقوی ایڈووکیٹ اور سیکرٹری جنرل کونسل افتخار حسین زری نے گزشتہ رات امریکہ کی جانب سے ایران کی ایٹمی سائٹس پر حملہ کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ان حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگرچہ ایرانی حکام اور کچھ بین الاقوامی ذرائع کے مطابق یہ حملہ پوری طرح ناکام ہوا ہے اور کسی قسم کی تابکاری کا اخراج تاحال ثابت نہیں ہوا اور ایرانی حکام کے مطابق ان مقامات سے جوہری مواد تین ماہ پہلے سے ہی ہٹا دیا گیا تھا، لیکن امریکہ کے ایک آزاد اور خودمختار ملک کے پرامن ایٹمی پروگرام پر حملے دنیا کے امن کے لیے شدید خطرہ ہیں اور اس سے ان تمام ممالک کو خطرہ لاحق ہو چکا ہے جو پرامن مقاصد اور اپنے دفاع کے لیے ایٹمی پروگرام رکھتے ہیں، کیونکہ امریکہ نے ایران پر حملہ کر کے ان ممالک کو یہ پیغام دیا ہے کہ اگر وہ امریکہ کے تابع فرمان نہ ہوئے تو وہ انہیں بھی نشانہ بنا سکتا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں اقوام عالم سے اپیل کی ہے کہ وہ اس امریکی حملہ کی کھل کر مذمت کریں اور امریکہ اور اسرائیل کو عالمی قوانین کا پابند کرنے کے لیے پوری جرأت سے مناسب مؤثر اقدامات اٹھائیں۔
انہوں کہا کہ امریکہ نے نسل پرست غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی ایما پر یہ حملہ کرکے اپنے زوال کی راہ ہموار کر دی ہے۔ دنیا دیکھے گی کہ بہت جلد جمہوری اسلامی ایران امریکہ کے وجود کا خطہ سے خاتمہ کر دے گا اور اس کے ساتھ اسرائیل کا ناجائز وجود بھی دنیا سے ختم ہوگا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ دنیا بھر کی مظلوم و محکوم اقوام کی اس وقت آس و امید ایران سے لگی ہوئی ہے انشاء اللہ ایران ان مظلوموں اور محکوموں کو کبھی اپنی حمایت سے محروم نہیں کرے گا۔
انہوں نے جموں و کشمیر جعفریہ سپریم کونسل کی جانب سے اور ریاست جموں و کشمیر کے غیور اور حریت پسند عوام کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم اسلامی جمہوریہ ایران کی عظیم انقلابی قیادت اور عظیم عوام کے ساتھ ہیں اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای، صدر مملکت مسعود پزشکیان اور اعلیٰ فوجی قیادت کو امریکہ اور اسرائیل جیسی بدمعاش اور ظالم ریاستوں کے مقابل ڈٹ کھڑے ہونے اور مظلوموں اور محکوموں کی توانا حمایت جاری رکھنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اللّٰہ تبارک و تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ اس عظیم آزمائش میں اسلامی جمہوری ایران کو کامیابی عطا فرمائے، تاکہ پوری دنیا ظلم سے نجات پائے۔









آپ کا تبصرہ