حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے اعلان پر شیعہ علماء کونسل پاکستان، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان سمیت دیگر مذہبی تنظیموں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے وفاق دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخواہ، کشمیر، گلگت و بلتستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور گاؤں میں بعد از نماز جمعہ برادر اسلامی ملک ایران پر سامراجی صہیونی حملوں کے خلاف اور ایرانی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے بھرپور احتجاج کیا گیا۔

مظاہرین نے اس موقع پر اپنے ہاتھوں میں رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای اور قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی کی تصاویر، پلے کارڈز، پینا فلیکس اور بینرز اٹھا ر کھے تھے۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی، وفاقی علاقہ اسلام آباد، صوبائی، ڈویژنل، ضلع اور تحصیل کے عہدیداران و رہنماؤں نے اپنے اپنے علاقوں میں کئے جانے والے احتجاجی مظاہروں کی قیادت کی۔
اسلام آباد میں ریلی سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی اور کراچی میں شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور دیگر مقامات پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کے صوبائی عہدیداران و مقامی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے اس موقع پر جمہوریہ اسلامی ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا: صہیونی حملے بدترین جارحیت اور عالمی قوانین کی سنگین ترین خلاف ورزی ہیں۔ اعلیٰ ایرانی کمانڈرز، جوہری سائنسدانوں اور عام شہریوں کی شہادت یقینا بڑا نقصان ہے۔

مقررین نے کہا: ایران اپنی سا لمیت و خودمختاری کا ڈٹ کر دفاع کر رہا ہے اور دنیا پر یہ بات عیاں ہے کہ صہیونیوں کو مکمل طور پر امریکی پشت پناہی حاصل ہے۔ صہیونی حملوں نے مشرق وسطی سمیت عالمی امن کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔
آخر میں سامراجی صہیونی حملوں میں اعلیٰ سرکاری عہدیداران ، کمانڈرز، سائنسدانوں سمیت سویلین کی شہادتوں پر پاکستانی قوم و ملت کی جانب سے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی خدمت میں دلی ہمدردی اور گہرے دُکھ کا اظہار کیا گیا اور شہدا کے درجات کی بلندی اور پسماندگان سے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔










آپ کا تبصرہ