حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، وفد میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی، مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر شبیر حسن میثمی، ڈپٹی سیکرٹری سکندر عباس گیلانی, اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ شامل تھے۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے ایرانی سفیر سے ہر دو حملوں کے نتیجے میں بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاء پر تعزیت پیش کرتے ہوئے اسرائیل اور اس کے پشت پناہ امریکہ کے حملوں کو عالمی قوانین کے منافی اور ایک خودمختار ملک کے خلاف ننگی جارحیت قرار دیا اور ایران کی جانب سے کامیاب دفاع و جوابی کارروائی میں دشمن کے دانت کھٹے کرنے کو ایران کے لیے فتح مبین قرار دیا۔
انہوں نے کہا: آج انقلاب جمہوریہ اسلامی ایران دوسری بار سرخرو ہوا اور اس امتحان میں رہبر معظم حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای دامت برکاتہ کا مرتبہ بابصیرت بلند وبالا اور حکیم و دانشمند عالمی رہنماء کے طور پر منظر عام پر آیا جبکہ ان کے بقول اس جنگ نے جمہوریہ اسلامی ایران سے متعلق اپنوں اور پرایوں کی تمام غلط فہمیاں بھی دور کر دیں۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا: دنیا پر مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام میں اسرائیل کے اصل پشت پناہ امریکہ کا چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے اور دنیا کے مختلف ممالک کے خلاف ٹرمپ کے حالیہ جارحانہ اقدامات سے واضح ہو گیا ہے کہ ٹرمپ اپنی آمرانہ اور سامراجی سوچ کے ذریعہ دنیا کو اپنا محکوم بنانا چاہتا ہے اور اسی خبط الحواسی میں وہ دنیا کو عالمی جنگ کی آگ میں جھونک رہا ہے جو قابل مذمت ہے۔ دعا ہے کہ اسلامی ممالک سامراجی قوتوں کے چنگل سے نکل کر دین اسلام کے احیاء کے لیے ایران کا ساتھ دیں۔
قائد ملت جعفریہ نے جمہوریہ اسلامی ایران کی عوام کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کی عوام کی جانب سے مکمل یکجہتی کا یقین دلاتے ہوئے رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای دامت برکاتہ کی صحت و سلامتی کے لیے دعا فرمائی اور دنیا میں امن کے قیام کے لیے ان کے صبر و تحمل کے عملی اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے سفیر ایران رضا امیری مقدم اور نمائندہ ولی فقیہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کو پاکستانی عوام کی جانب سے فتح مبین پر پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔

دریں اثناء ایرانی سفیر آقای رضا امیری مقدم نے علامہ سید ساجد علی نقوی اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے اعلی سطحی وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا: ایران نے ہمیشہ مظلوم فلسطینیوں سمیت مظلومین جہاں کے حقوق کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کی اور اس پاداش میں بڑے نقصانات اٹھانے کے باوجود عالمی سامراج کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کے بلاخوف صدائے حق بلند کی۔ یہی وجہ ہے کہ اسرائیل اور اس کے اصل پشت پناہ امریکہ کا فلسطین اور دیگر اسلامی ممالک کے خلاف ظالمانہ اور سفاکانہ چہرہ دنیا پر آشکار ہوا۔

انہوں کہا: ایرانی حکومت اور عوام کے ہر دو ممالک کی جانب سے حملوں کے باوجود حوصلے بلند ہیں اور ایران کسی جارحیت پر خاموش نہیں بیٹھے گا۔
سفیر محترم نے پاکستانی حکومت، عوام اور میڈیا کا بے حد شکریہ ادا کیا جنہوں نے عالم اسلام پر ہر مشکل گھڑی میں ساتھ دیا اور بڑھ کر مظلوم فلسطینیوں سمیت مظلومین جہان کے لیے آواز بلند کی۔
آخر میں قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے پاکستان اور ایران کی کامیابی و کامرانی سرفرازی کے لیے دعا بھی فرمائی۔









آپ کا تبصرہ