حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی سے انقلاب اسلامی پبلشرز یونین کے صدر و عالمی ادبی فلسطین ایوارڈ کے سربراہ ڈاکٹر میثم نیلی ،ایران یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر افضلی،فلسطین کلچرل ایکٹیوسٹ خانم سمانہ افشاری اور پاکستان میں عالمی ادبی فلسطین ایوارڈ کے نمائندے ڈاکٹر سید حسن رضا نقوی نے ملاقات کی اورفلسطین و غزہ کے موضوع پر 362 کتابوں میں 57 ایوارڈ یافتہ کتابوں کا تعارف کروایا جو 13 مختلف ممالک میں 7 زبانوں میں لکھی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا: بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مصور پاکستان علامہ اقبال کا فلسطین کے حوالے سے مؤقف واضح اور روشن ہے۔ انہوں نے اسرائیل کو غاصب، ناجائز اور جبری ریاست قرار دیا ہے۔پاکستان میں بسنے والے تمام مکاتب فکر و طبقات قبلہ اول بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی کے لئے دل و جان سے بہادر و مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اور عالمی استعمار امریکہ و اسرائیلی بربریت کےخلاف ہیں اور ہمارے مرد و زن فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ جدوجہد کی تڑپ رکھتے ہیں۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا: غزہ و فلسطین کے مظلوم عوام کی بھرپور عملی حمایت کرنے پر رہبر معظم سید علی خامنہ ای اور ملت ایران کی شجاعانہ و حکیمانہ جدو جہد انتہائی اہم اور قابل تقلید ہے۔
انہوں نے وفد کے اراکین اور ان کے اداروں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا: آپ کی زحمات و کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ ان کو مزید موثر بنانے کے لئے جدو جہد جاری رہنی چاہیے۔









آپ کا تبصرہ