۲۴ آذر ۱۴۰۳ |۱۲ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 14, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ / علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: اسرائیل کا ایک سال سے غزہ میں جاری ظلم، معصوم لوگوں کا منظم قتل اور نسل کشی ہے۔ پاکستانی قوم کے دل فلسطینیوں اور لبنانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم فلسطینی و لبنانی عوام کی حمایت جاری رکھیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے سامراجی قوتوں کی اسرائیل کے ذریعہ حالیہ دہشت گردی و جارحیت کے ایک سال مکمل ہونے پر فلسطین و لبنان پر حملوں کے خلاف اہل غزہ و بیروت سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا: بے گناہ فلسطینیوں و لبنانیوں کا خون اور قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا: اسرائیل کے ایک سال سے غزہ میں جاری مظالم معصوم لوگوں کا منظم قتل اور نسل کشی ہے۔علامہ سید ساجد نقوی نے فلسطین و لبنان میں جاری سامراجی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا: غزہ کے المناک سانحہ نے انسانیت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ پاکستانی قوم کے دل فلسطینیوں اور لبنانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم فلسطینی و لبنانی عوام کی حمایت جاری رکھیں گے اور دکھ کی اس گھڑی میں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: فلسطین میں گزشتہ ایک برس سے اسرائیل کا رقص ابلیس جاری ہے اور غزہ جنگ میں اب تک لاکھوں افراد شہید و خمی ہو چکے ہیں۔ جس میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔ وہاں عمارتیں مکمل تباہ، بنیادی سہولیات اور خوراک ناپید اور زندگی تنگ کی جا چکی ہے۔ جس میں شیطانی سامراج جدید ترین اسلحہ مہیا کر رہا ہے لیکن فلسطینی عوام اس بدترین ظلم و جبر کے باوجود ڈٹے ہوئے ہیں۔

علامہ سید ساجد نقوی نے کہا: فلسطینی رہنما اسماعیل ہنیہ کے پورے گھرانے سمیت کئی رہنماؤں کو اور حزب اللہ کے رہنما سید حسن نصر اللہ سمیت متعدد رہنماؤں کو شہید کر دیا گیا لیکن اہل فلسطین و لبنان کی ہمت میں کوئی کمی نہیں آئی۔

آخر میں انہوں نے کہا: تمام مسلمان ممالک متحد ہو کر فلسطین و لبنان کی مدد کریں تو وہ دن دور نہیں جب اسرائیل کو تاریخی شکست ہو گی اور بیت المقدس آزاد ہوگا۔ پاکستانی عوام چاہتے ہیں کہ پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک ٹھوس اور مناسب موقف اپناتے ہوئے اقدامات کرے جن سے سامراج کی سرکشی کا خاتمہ ممکن ہو۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .