پیر 22 ستمبر 2025 - 15:03
کل تک غاصب صیہونیت کو پروان چڑھانے والوں کا آج مظالم کے بعد فلسطین کو تسلیم کرنا بظاہر خوش آئند ہے

حوزہ / علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: فلسطینی ریاست کے تسلیم کا اعلان، کیا مظلوم خون نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ دیا؟۔ ظالم سامراج و صہیونیت کا ہاتھ روکنے کیلئے سفراء کی واپسی، بینکوں سے سرمائے کا انخلا اور سامراجی و اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک کی جانب سے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر اپنے ردعمل میں کہا: مظلوم فلسطینی شہداء کا خون رنگ لا رہا ہے اور عالمی ضمیر کو مجبور کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا: بعض مغربی ممالک کی جانب سے اب فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کیا جا رہا ہے جنہوں نے غزہ پر مظالم کی قیامت برپا کرنے تک ناجائز غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کو وجود بخشا، پروان چڑھایا اور مشرق وسطیٰ کے قلب میں پیوست اس شجرہ خبیثہ کی آبیاری کرتے رہے۔ البتہ بظاہر یہ خوش آئند اور مظلوموں کی قربانیوں کا ابتدائی ثمر ہے مگر دنیا یاد رکھے کہ ظلم و جور کے پیچھے اصل محرک و مرتکب یہی سامراج ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف آواز اٹھانے والے ممالک بھی اب سامنے آئیں۔ سامراجی بینکوں سے اپنا سرمایہ نکالیں، سفراء کو واپس بلائیں اور سامراجی و اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔

انہوں نے مزید کہا: یہ فلسطینیوں کی مسلسل جدوجہد، غزہ کے مظلوموں کے مؤقف کی جیت ہے کہ آج وہ ممالک جو کل تک ناجائز، غاصب صہیونی ریاست کو پروان چڑھاتے رہے آج اس ظالم و غاصب ریاست کے مظالم پر نہ صرف چیخ اٹھے ہیں بلکہ اب وہ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر رہے ہیں جو بظاہر خوش آئند ہے مگر نہ صرف ان ممالک کو اپنے ماضی کے کردار پر معافی مانگنی چاہیے بلکہ غاصب ریاست کا ہاتھ روکنے کیلئے زبانی جمع خرچ کے علاوہ عملی طور پر بھی آگے بڑھنا چاہیے۔

علامہ سید ساجد نقوی نے مزید کہا: تمام ممالک جو ایک عرصہ سے مظلوم انسانوں کے تہہ تیغ ہونے پر سراپا احتجاج ہیں، نسل کشی پر نوحہ کناں ہیں اب وہ ممالک بھی آگے بڑھیں چونکہ اس غاصب صہیونیت کے پیچھے اصل محرک و مظالم کا اصل مرتکب سامراج ہی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha