ہفتہ 27 ستمبر 2025 - 13:11
فلسطینی قوم نہ اپنے حقوق سے دستبردار ہوگی اور نہ ہی ظالم قاتلوں کے سامنے سر جھکائے گی، زیاد نخالہ

حوزہ/تحریکِ جہادِ اسلامی فلسطین کے سیکرٹری جنرل نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ نیتن یاہو کی طرف سے اقوامِ متحدہ میں فلسطینی عوام اور مزاحمت کے خلاف جھوٹ اور دھمکیاں نئی بات نہیں ہیں، کہا کہ فلسطینی قوم کبھی بھی ان دھمکیوں سے متاثر نہیں ہوگی اور قاتلوں کے سامنے سر نہیں جھکائے گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریکِ جہادِ اسلامی فلسطین کے سیکرٹری جنرل زیاد النخالہ نے غاصب اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کے اقوامِ متحدہ میں خالی کرسیوں سے خطاب پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ میں نیتن یاہو کی فلسطینی عوام اور مزاحمت کے خلاف دھمکیاں کوئی نئی بات نہیں ہیں۔

زیاد النخالہ نے مزید کہا کہ فلسطینی قوم جو سو سال سے مزاحمت کا پرچم اٹھائے ہوئے ہے، ان دھمکیوں اور جھوٹ سے متاثر نہیں ہوگی۔

انہوں نے اس بات پر تاکید کی کہ فلسطینی قوم، ظالم قاتلوں کے سامنے تسلیم نہیں ہوگی اور جتنی بھی قربانی دینی پڑے گی اس سے دریغ نہیں کرے گی، لیکن اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہوگی۔

فلسطینی قومی تحریک کے سیکرٹری جنرل مصطفیٰ البرغوثی نے المیادین ٹی وی سے گفتگو اقوامِ متحدہ میں نیتن یاہو کی ہرزہ سرائی پر ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ اقوام متحدہ میں ہوا، اس سے اسرائیلی ریاست کا بین الاقوامی سطح پر تنہا ہونا ثابت ہوتا ہے۔

البرغوثی نے نیتن یاہو کے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس میں ظالم کو مظلوم کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بدل رہی ہے اور اسرائیلی ریاست مزید تنہا ہوتی جائے گی۔ نیتن یاہو نے اسرائیل کو اس تاریخی تنہائی میں دھکیل دیا ہے اور وہ ایک جنونی شخص ہے جس کے رویے میں نازی رہنماؤں کی علامات نظر آتی ہیں۔

واضح رہے فلسطینی مزاحمتی رہنماؤں کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب کل نیتن یاہو کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب شروع ہوا تو مختلف ممالک کے سینکڑوں نمائندگان نے مذمت کا نعرہ لگاتے ہوئے اجلاس کی جگہ چھوڑ دی تھی۔

یاد رہے اسی دوران، امریکی شہریوں نے نیتن یاہو کی ملک میں موجودگی کی مخالفت میں اور غزہ کی حمایت میں اقوامِ متحدہ کی عمارت کے سامنے مظاہرہ کیا، جہاں یہ جنگی مجرم عالمی عدالت کے گرفتاری کے حکم کے باوجود تقریر کر رہا تھا۔

مظاہرین نے غزہ کے ساتھ اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے صیہونی قابضین کے مسلسل جرائم کی مذمت کی اور عالمی عدالت کے وارنٹ کے مطابق نیتن یاہو کو جنگی مجرم کے طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha