پیر 23 جون 2025 - 07:00
مضبوط اسرائیلی دفاع کے فریب کو ایران نے تار تار کر دیا، نائب امیر مرکزی جمعیتِ اہل حدیث

حوزہ/نائب امیر مرکزی جمعیتِ اہل حدیث پاکستان اور اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر ڈاکٹر عبد الغفور راشد نے امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ امت مسلمہ کے تمام ممالک ایران کے ساتھ ہیں اور اس کے دفاعی حق کی حمایت کرتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نائب امیر مرکزی جمعیتِ اہل حدیث پاکستان اور اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر ڈاکٹر عبد الغفور راشد نے امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ امت مسلمہ کے تمام ممالک ایران کے ساتھ ہیں اور اس کے دفاعی حق کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے لاہور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب، پاکستان، ترکی سمیت 22 ممالک کا ایران کی حمایت میں اعلامیہ پوری امت اسلامیہ کا مؤقف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کو اکٹھے ہو کر عالم کفر کو پیغام دینے کی ضرورت ہے کہ کسی ایک اسلامی ملک پر حملہ سب پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ اصولوں کی بنیاد پر ہمارے مسلکی اختلافات اپنی جگہ مگر اسلامی برادری کا دکھ مشترک ہے۔

ڈاکٹر عبد الغفور راشد نے کہا کہ ایران نے اسرائیل پر جو مسلسل حملے کیے، اس سے واضح ہوگیا کہ اسرائیل ناقابلِ تسخیر نہیں، بس مسلمان ممالک کو متحد ہونے اور دفاعی طور پر مضبوط ہونے کی ضرورت ہے۔ آئرن ڈوم اور مضبوط دفاع کا جو مفروضہ اسرائیل کے بارے میں قائم کیا گیا تھا کہ کوئی حملہ نہیں ہوسکتا، اس فریب کو ایران نے تار تار کر دیا ہے۔

ڈاکٹر عبد الغفور راشد نے کہا کہ مسلم ممالک کو ایران کے بعد اپنی باری کا انتظار کرنے کے بجائے امریکہ اور اسرائیل کو بھرپور جواب دینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کی دہشت گردی دنیا پر عیاں ہو چکی ہے۔ پرامن ممالک کو اس کا بھرپور جواب دینا چاہیے۔ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں مذاکرات اور سفارت کاری کے ساتھ ایران سے معاملات طے کئے جا سکتے ہیں، لیکن جانبداری کے بجائے غیر جانبداری کا مظاہرہ کیا جائے اور چودھراہٹ کے بجائے بقائے باہمی کے اصول کو مد نظر رکھا جائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha