اتوار 22 جون 2025 - 18:52
 امریکی حملہ قابل مذمت ہے، ایرانی عوام کسی سے مرعوب ہونے والے نہیں

حوزہ/ صدر وفاق المدارس الشیعہ نے کہا: حکومت ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل انعام کے لیے نامزدگی کا فیصلہ واپس لے۔ امریکی صدر اسلام پر حملہ آور ہے اور اسرائیل کی سرپرستی کررہا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے اسرائیل کے بعد امریکہ کے اسلامی جمہوریہ ایران پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا: ایرانی عوام کسی سے مرعوب ہونے والے نہیں۔ جو اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور اقتدارِ اعلیٰ پر یقین رکھتے ہوں، ان کا دنیا کی شیطانی طاقتیں کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔

انہوں نے مزید کہا: حیرت ہے کہ حکومت پاکستان نے ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل انعام کے لیے نامزد کیا ہے جس کے ہاتھ اور لب غزہ کے مسلمانوں کے لہو میں رنگے ہوئے ہیں۔ وہ اسلام اور ایران پر حملہ آور ہے۔ اسرائیل کی سرپرستی کر رہا ہے۔ افغانستان، عراق، لیبیا، شام سمیت پہلے کتنے اسلامی ممالک کے خلاف امریکہ بدامنی پیدا کر چکا ہے۔ ہماری گزارش ہو گی کہ حکومت پاکستان ٹرمپ کا نام نوبل انعام کے لئے تجویز واپس لے اور فیصلے پر نظرثانی کرے۔

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر نے کہا: اسرائیل اور امریکہ نے ایران کی آزادی اور خود مختاری پر حملہ کر کے خود اپنے لیے مشکلات پیدا کر لی ہیں۔ ایران نے مسلسل حملے کر کے اسرائیل کا جو حشر کیا ہے اس سے امت مسلمہ بالخصوص غزہ کے عوام کے دل ٹھنڈے ہوئے ہیں۔ غزہ کو کھنڈرات میں تبدیل کرنے والا اسرائیل اب خود غزہ کا منظر پیش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا: پاکستان اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔ پاکستانی عوام کسی صورت یہ برداشت نہیں کریں گے کہ برادر اسلامی ملک ایران کے خلاف پاکستانی سرزمین استعمال ہو، پہلے بھی افغانستان کے خلاف پاکستان کی سرزمین استعمال کی گئی جس سے آج تک ہمیں نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha