حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے امریکہ کے ایران کے فردو، نطنز اور اصفہان کے جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا: امریکہ کی جانب سے ایران کے جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد مشرق وسطی میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا ہم اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: مریکہ کا ایران کے جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی دہشتگردی،بزدلانہ اقدام اور بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا: ہم مشکل کی اس گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔ ایران پر امریکی حملہ دنیا کے امن و سلامتی کیلئے براہ راست خطرہ ہے اور سامراجی صہیونی گٹھ جوڑ کے نتیجہ میں ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی امن کو ثبوتاژ کرنا ہے۔ جس پر ٹرمپ کو دنیا میں بدامنی پیدا کرنے کا ایوارڈ دینا چاہیے۔
انہوں نے ایران پر امریکی حملے کو انتہائی شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا: امریکی حملہ ایرانی خودمختاری پر حملہ ہے جس پر تمام آزادی پسندوں کواس سامراجی حملے کی کھل کر مذمت کرنی چاہیے، امریکی حملہ خطے کو خطرناک صورتحال کی جانب دھکیلنے کی کوشش کی ہے جبکہ ایران نے بار بار عالمی سطح پر یہ باور کرایا کہ ایرن نے جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش نہیں کی اور اس کا ایٹمی پروگرام پرامن مقاصد کے لئے ہے لیکن سامراجی صہیونی کٹھ پتلی ٹرمپ نے بین الاقومی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے جو غیر قانونی اقدام کیا ہے وہ ناقابل معافی جرم ہے جس کاتدارک وقت کی ضرورت ہے۔
قائد ملت جعفریہ نے کہا: سامراج و صہیون کبھی بھی اپنے مذموم اہداف میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ ایران کے ہاتھوں شکست ان کا مقدر بن چکی ہے اور ان کے جنگی جنون کا خمیازہ تیسری عالمی جنگ کی صورت میں پوری دنیا کو بھگتنا پڑے گا لیکن انہیں کامیابی حاصل نہیں ہو گی اور ان شاء اللہ فتح اسلام کی ہو گی۔









آپ کا تبصرہ