حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ علماء امامیہ پاکستان کے زیرِ اہتمام "عظمت غدیر و عاشوراء کانفرنس" کے عنوان سے ایک اہم علاقائی اجتماع گجرات پنجاب میں منعقد ہوا، جس میں شمالی پنجاب کے سات اضلاع سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام، دینی مبلغین اور آئمہ جمعہ و جماعت کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
مقررین نے اس فکری و تربیتی نشست میں ایامِ غدیر و عاشوراء کی دینی، تاریخی اور فکری اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے امت مسلمہ کے لیے وحدت، حق شناسی اور قربانی کا ابدی پیغام قرار دیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں ان دونوں ایام کی روح کو زندہ رکھتے ہوئے معاشرتی اور فکری محاذ پر جدوجہد کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
کانفرنس سے وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین حجتالاسلام والمسلمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، حجتالاسلام والمسلمین فدا علی حلیمی، حجۃالاسلام ڈاکٹر تنویر حسین رضوی اور حجۃالاسلام چوہدری ضیغم عباس نے خطاب کیا۔
مقررین نے غدیر و عاشوراء کے پیغام کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق بیان کرتے ہوئے مبلغین کی انفرادی، اجتماعی اور فکری ذمہ داریوں کی نشان دہی کی۔
اجتماع میں شرکت کرنے والے تمام مبلغین کو بین الاقوامی ادارہ الباقر کے شعبۂ مطالعات "الباقر مرکز مطالعات" کی طرف سے شائع کردہ دو اہم علمی کتب بطور تحفہ پیش کی گئیں۔
کتب میں"مبادی علم عرفان" (مترجم: علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی) اور
"اقدار عاشورا" (مدوّن: حجج الاسلام فدا علی حلیمی و اشرف حسین سراج) شامل تھیں۔
کانفرنس کے اختتام پر ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی، جس میں:
اسلامی جمہوریہ ایران پر غاصب صیہونی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
ایران اسلامی کے حق دفاع اور مزاحمت کی بھرپور تائید کی گئی۔
اور رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کی قیادت پر مکمل اعتماد اور غیر متزلزل حمایت و عقیدت کا اظہار کیا گیا۔
واضح رہے کہ مجلس علماء امامیہ پاکستان، بین الاقوامی ادارہ الباقر کا شعبۂ تبلیغات ہے، جو اس وقت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے 28 اضلاع میں فعال ہے اور مبلغین امامیہ کی تنظیم، فکری تربیت اور تبلیغی رہنمائی کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ اس تبلیغی نظام کے مؤسس و سربراہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی ہیں۔ اس ادارے نے اپنی تاسیس سے اب تک بارہ سال کی کامیاب تبلیغی جدوجہد مکمل کر لیا ہے۔









آپ کا تبصرہ