ہفتہ 12 جولائی 2025 - 20:58
پاکستان؛ جموں و کشمیر کے علمائے کرام پر جھوٹے مقدمات/جعفریہ رابطہ کونسل کا ہنگامی اجلاس

حوزہ/پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں مورخہ 11 اور 12 جولائی 2025 کو مرکزی انجمنِ جعفریہ مظفرآباد کی میزبانی میں مرکزی امام بارگاہ مظفرآباد میں ملت جعفریہ آزاد کشمیر کی جملہ قومی تنظمیں اور مظفرآباد ڈویژن کی انجمنوں اور عمائدین کا ہنگامی اجلاس، محترم مخدوم سید لیاقت حسین نقوی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں مورخہ 11 اور 12 جولائی 2025 کو مرکزی انجمنِ جعفریہ مظفرآباد کی میزبانی میں مرکزی امام بارگاہ مظفرآباد میں ملت جعفریہ آزاد کشمیر کی جملہ قومی تنظمیں اور مظفرآباد ڈویژن کی انجمنوں اور عمائدین کا ہنگامی اجلاس، محترم مخدوم سید لیاقت حسین نقوی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں مظفرآباد ڈویژن سمیت آزاد کشمیر بھر میں ایک منظم سازش کے تحت مکتب اہل بیت علیہم السّلام کے بنیادی عقائد، قرآنی آیات کی شان نزول، ترجمہ (جو کہ شیعہ و سنی دونوں کی مستند کتب میں درج ہیں) اور احادیث متواترہ کی نفی کرتے ہوئے مکتب اہل بیت علیہم السّلام کے پیروکاروں اور علماء پر توہین کی جھوٹی ایف آئی آرز کے معاملات کو زیر بحث لایا گیا اور اس سلسلے میں جملہ تنظیمات جعفریہ اور عمائدین ملت و نمائندگان انجمن ہا پر مشتمل جعفریہ رابطہ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا، جو ان معاملات پر آئندہ اپنا لائحہ عمل اور مؤقف دے گی۔

عمائدین ملت جعفریہ اور جملہ تنظیمات جعفریہ کے نمائندگان نے اجلاس میں دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے عہد کیا کہ مکتب اہل بیت علیہم السّلام کے بچے، بوڑھے، جوان، خواتین سب کے سب اپنے بنیادی عقائد کے تحفظ اور آزاد ریاست جموں و کشمیر کے آئین 1974 کے آرٹیکل 4 میں درج حقوق نیز قانون سازی کے سلسلے میں آرٹیکل 31(6) کے تحت قرآن و سنت کی اپنی فقہ کے مطابق تشریح کے حق کو محفوظ بنانے کے لیے ہر طرح کی قربانی دیں گے اور انتظامیہ کی جانب سے شر پسندوں کے دباؤ میں آکر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایف آئی آرز کے اندراج کے خلاف ہر سطح پر بھرپور مزاحمت کی جائے گی نیز مکتب اہلبیت علیہم السّلام آزاد ریاست جموں و کشمیر کے خلاف آج کے بعد جتنی بھی بنیادی انسانی، مذہبی، سیاسی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جائیں گی انہیں کسی بھی مصلحت کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ملکی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں میں ہر ممکن ذرائع سے رپورٹ کروائی جائے گی۔

ریاستی، ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مکتب اہل بیت علیہم السّلام کے پیروکاروں کے بنیادی انسانی، مذہبی اور سیاسی حقوق کی پائمالی پر بھرپور آواز بلند کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں گے، کیونکہ گزشتہ چند سالوں سے مسلسل مکتب اہل بیت علیہم السّلام کے پیروکاروں کو دباؤ میں لانے کے لیے ایک منظم سازش کے تحت بنائی گئی پالیسی پر عملدرآمد ہو رہا ہے جس کے تانے بانے بہت دور تک جاتے نظر آ رہے ہیں۔

جعفریہ رابطہ کونسل آزاد کشمیر کا اجلاس آئندہ ہفتہ دوبارہ طلب کر لیا گیا ہے، جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ملت جعفریہ کو کسی بھی صورتحال کے لیے تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha