۲۱ آذر ۱۴۰۳ |۹ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 11, 2024
شیخ محسن علی نجفی نماینده آیت الله سیستانی در پاکستان

حوزہ/ مظفرآباد جموں و کشمیر، مرکزی امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری میں محسن ملت علامہ شیخ محسن علی نجفی مرحوم کی وفات پر بعد از نمازِ جمعہ مرکزی انجمنِ جعفریہ کی جانب سے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مظفرآباد جموں و کشمیر، مرکزی امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری میں محسن ملت علامہ شیخ محسن علی نجفی مرحوم کی وفات پر بعد از نمازِ جمعہ مرکزی انجمنِ جعفریہ کی جانب سے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق، تعزیتی ریفرنس سے زعیم ملت و سرپرست اعلیٰ ملت جعفریہ جموں و کشمیر مفتی سید کفایت حسین نقوی، چیئرمین جموں و کشمیر جعفریہ سپریم کونسل سید زوار حسین نقوی ایڈووکیٹ اور دیگر شخصیات نے خطاب کیا۔

تعزیتی ریفرنس سے خطاب میں مفتی سید کفایت حسین نقوی اور دیگر تنظیمی سربراہان نے محسن ملت حجت الاسلام والمسلمین شیخ محسن علی نجفی مرحوم کی دینی و ملی خدمات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے مرحوم کے دینی اداروں کے ساتھ ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر شعبہ جات سمیت تعلیمی اداروں کے قیام اور دیگر سماجی و فلاحی خدمات انجام دینے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ علامہ شیخ محسن علی نجفی کے علمی اداروں اور علمی کاوشوں سے پسماندہ علاقوں میں دینی و دنیوی تعلیم عام ہوئی اور آج ہزاروں کی تعداد میں ان اداروں سے تعلیم حاصل کرنے والے افراد موجود ہیں اور ملک و ملت کی ترقی کے لیے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

مقررین نے ان کی علمی، تحقیقی کاوشوں اور الکوثر کے نام سے قرآن کی تفسیر پر بھی روشنی ڈالی۔

مقررین نے 2005ء کے زلزلہ میں آزاد کشمیر میں بلا امتیاز مذہب و مسلک عوامی ریلیف کے لیے ان کی سرپرستی میں حسینی ریلیف کے کاموں کو بھی بھرپور انداز میں سراہا اور ان کی جملہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور دعا کی کہ وہ ان کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جوار محمد و آل محمد علیھم السلام میں جگہ عطا فرمائے۔

آخر میں اجتماعی طور ان کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .