حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستان کے برجستہ عالم دین آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی (رہ) کی رحلت کی مناسبت سے ایران کے شہر قم میں علمائے کرام، حوزوی شخصیات، ماہرین تعلیم اور ان کے عقیدتمندوں کی موجودگی میں تعزیتی تقریب منعقد کی جائے گی۔
یہ تقریب 17 جنوری 2024ء بروز بدھ کو مغرب اور عشاء کی نماز کے بعد حرمِ مطہر حضرت معصومہ (س) کے شبستانِ امام خمینی (رہ) میں منعقد ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق اس تقریب میں قم میں رہبر معظم کے دفتر، مجمع جہانی اہل بیت (ع)، مرکز مدیریت حوزه ہای علمیہ، حرم حضرت فاطمہ معصومہ (ع) کے متولی، جامعۃ المصطفی العالمیہ، مجمع تقریب مذاہب اسلامی، سازمانِ فرہنگ و ارتباطاتِ اسلامی، مختلف گروہ اور جماعتیں اور شہر قم میں مقیم پاکستانی فضلاء و عمائدین (سفیرانِ مہدویت) شرکت کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی پاکستانی علماء میں سے بزرگ عالم دین اور حوزہ علمیہ جامعۃ الکوثر کے بانی ہیں جو اسلامی اتحاد کے محافظ و مدافع کے طور پر جانے جاتے تھے، پاکستان کے شہر اسلام آباد میں منگل 9 جنوری 2024ء کو 84 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
یہ مرحوم عالم بزرگوار پاکستان میں آیت اللہ سیستانی کے نمائندہ اور پاکستانی اہل بیت (ع) اسمبلی کی سپریم کونسل کے سربراہ تھے اور وہ نصف صدی سے زیادہ عرصہ سے جامعۃ الکوثر کو پاکستان میں سب سے بڑے شیعہ مذہبی و حوزوی مرکز کے طور پر چلا رہے تھے۔