حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس مظفرآباد آزاد کشمیر میں 9 فروری 2025ء بروز اتوار بمناسبت ایام ولادت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مظفرآباد سمیت پاکستان کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
تصاویر دیکھیں:
فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس مظفرآباد میں "منجی بشریت" کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد
اس کانفرنس میں حجت الاسلام و المسلمین مولانا شیخ سخاوت حسین قمی آف اسلام آباد، سی ای او ایمز سکول اینڈ کالج اسلام آباد محترم جناب امتیاز رضوی اور اسلامک اسکالر محترم جناب ممتاز حسینی نے خطاب کیا۔
محترم جناب ممتاز حسینی نے اپنے خطاب کے دوران قیام امام زمانہ عجل کے بعض پہلوؤں کی جانب اشارہ کیا اور ماہ شعبان کی بھی بعض فضیلتیں بیان کرتے ہوئے کہا: الہام خودی سے الہام الٰہی تک پہنچنے کا نام شعبان ہے۔
مولانا ممتاز حسینی نے کہا: امام زمانہ عجل کے لقب "القائم" سے دو نقطے سمجھ آتے ہیں: ایک یہ کہ امام زمانہ عجل خود اہل قیام میں سے ہیں اور دوسرا امام زمانہ عجل اہل قیام کے امام ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: اہل قیام ہونے کے لیے اہل عرفان ہونا ضروری ہے اور شعبان تذکیہ نفس اور عرفان کا مہینہ ہے۔
گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج آف مظفرآباد کی پرنسپل سیدہ کوثر صاحبہ نے مختلف ادیان کی روشنی میں امام زمانہ عجل اللہ کا مختصر اور موثر انداز میں تعارف بیان کیا۔ اس کے بعد فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس کے گروہ کنیزان زہرا (س) نے نہایت ہی منفرد انداز میں امام زمانہ عجل کی شان میں تواشیح پیش کی۔
حجت الاسلام و المسلمین مولانا شیخ سخاوت علی قمی نے اپنے خطاب کے دوران کہا: مہدویت کے تین پہلو ہیں۔ 1۔ انسانی 2۔ دینی 3۔ مکتبی۔
انہوں نے کہا: خافظ سعدی کہتے ہیں "میں نے کہاں آپ کا رخ زیبا پنہاں کیوں ہے تو دوسری طرف سے آواز آئی، فرمایا میں چھپا ہوا نہیں ہوں بلکہ تم گناہوں میں ڈوبے ہوئے ہو"۔
قابل ذکر ہے کہ کانفرنس کے آخر میں فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس کی طالبات اساتذہ اور بالخصوص فاطمیہ کی پرنسپل سیدہ فضہ مختار نقوی کی جانب سے تمام مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا گیا اور پروگرام کا اختتام دعائے سلامتی امام زمانہ عجل سے کیا گیا۔
آپ کا تبصرہ