حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس لوئر چھتر مظفرآباد میں پندرہ روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں 64 بچیوں نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق ان بچیوں کو تین گروہوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ اخلاق، عقائد اور احکام اور تجوید کی بنیادی چیزیں سکھائی گئیں، وضو اور نماز کو درست کیا گیا اور آخری تقریب میں ان تین گروہوں میں رزلٹ کارڈ تقسیم کیا گیا۔
اس تقریب کے دوران فرسٹ، سیکنڈ اور تھرڈ پوزیشن حاصل کرنی والی خواہران میں انعامات تقسیم کیے گئے اور تمام شرکت کنندگان کو چادر پہنائی گئی۔
فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس لوئر چھتر مظفرآباد میں پندرہ روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں مختلف مقامی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
اس تقریب کے اختتام پر حجۃ الاسلام والمسلمین یاسر سبزواری نے تقریر کے دوران علمِ دین کی اہمیت اور افادیت پر گفتگو کی اور امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے اصحاب و یاران بننے کی خصوصیات کو ذکر کرتے ہوئے کہا: آج وقت کی ضرورت ہے کہ ہم امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کو پہچانیں اور ان کے ظہور کی تیاری کریں۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا: امام زمان عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے ظہور کی تیاری ایسے کریں کہ اپنے بچوں کو دین سے آشنا کریں اور ان کو دین سکھائیں تاکہ وہ اپنے گھر کو اپنے ماحول کو دینی بنا سکیں۔
تقریب کے آخر میں تقسیم انعامات کے ساتھ تمام بچیوں کو چادریں پہنائی گئیں اور امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف سے عہد کیا کہ جو سیکھا اس پر عمل کریں گے اور اختتام پر امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف سے عہد اور محبت کے اظہار کے لیے سلام فرماندہ کا ترانہ پڑھا گیا۔