منگل 18 مارچ 2025 - 17:52
تبیان تربیتی ورکشاپ: ایک کامیاب تعلیمی و تربیتی سفر

حوزہ/ تبیان قرآنی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام "تبیان تربیتی ورکشاپ" حسن آباد، سرینگر میں منعقد ہوئی، جس میں 20 بچوں نے شرکت کی۔ اس جامع پروگرام کا مقصد نوجوان نسل کی دینی، اخلاقی، علمی اور سماجی تربیت تھا۔ ورکشاپ میں مختلف تعلیمی و تربیتی سرگرمیاں، معروف شخصیات کے سیشنز اور مطالعاتی دورے شامل تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سرینگر/ تبیان قرآنی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ حسن آباد، سرینگر کے مدیرِ اعلیٰ، حجت الاسلام و المسلمین آغا سید عابد حسین حسینی نے بتایا کہ "تبیان تربیتی ورکشاپ" جو تقریباً پندرہ روزہ حسن آباد، سرینگر میں منعقد کی گئی۔ یہ جامع تربیتی پروگرام نوجوان نسل کی دینی، اخلاقی، علمی اور سماجی تربیت کے لیے ترتیب دیا گیا تھا، جس میں 20 بچوں نے شرکت کی۔ ورکشاپ کے دوران بچوں کو عملی اور نظریاتی تعلیم فراہم کی گئی تاکہ وہ ایک باشعور اور ذمہ دار فرد کے طور پر پروان چڑھ سکیں۔

ورکشاپ کا آغاز روزانہ نمازِ فجر سے ہوتا تھا، جو مسجد ابوطالب (ع) میں باجماعت ادا کی جاتی تھی۔ اس کے بعد بچوں کو تفریحی مقامات پر مارننگ واک کے لیے لے جایا جاتا، جس کا مقصد ان کی جسمانی صحت کو بہتر بنانا اور انہیں فطرت کے قریب لانا تھا۔

بعد ازاں، ناشتے کے بعد قرآن پاک کی کلاس منعقد کی جاتی جو ایک گھنٹے تک جاری رہتی۔ اس کے علاوہ، بچوں کی اخلاقیات، احکام اور عقائد کے حوالے سے تربیت دی جاتی تاکہ وہ دینی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں بروئے کار لا سکیں۔

ورکشاپ کے دوران بچوں کو خانقاہ، جامع مسجد، ہسپتال، لائبریری، یتیم خانہ اور تاریخی مقامات کی سیر کرائی گئی تاکہ وہ اپنے معاشرے کے مختلف پہلوؤں سے واقف ہو سکیں۔ اس کے علاوہ، سائنس، علم و تحقیق اور ٹیکنالوجی پر خصوصی سیشنز منعقد کیے گئے، جن میں ماہرین نے بچوں کو جدید علوم سے روشناس کرایا۔

ورکشاپ میں کئی معروف شخصیات نے شرکت کی اور بچوں کی رہنمائی کی۔ منجملہ، سرینگر کے موجودہ پارلیمنٹ ممبر نے بھی خصوصی سیشن میں شرکت کی اور بچوں کو قومی اور سماجی ذمہ داریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو مستقبل کے لیے حوصلہ دیا اور ان کی فکری و عملی تربیت پر زور دیا۔

تبیان تربیتی ورکشاپ کی کامیابی کے پیشِ نظر، رمضان المبارک کے فوراً بعد دسویں سے بارہویں جماعت کی طالبات کے لیے ایک اور خصوصی تربیتی ورکشاپ منعقد کی جا رہی ہے، جس کی رجسٹریشن آخری مرحلے میں ہے۔

تبیان قرآنی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ عوام سے اپیل کرتا ہے کہ وہ ان تعلیمی و تربیتی پروگراموں میں بھرپور شرکت کریں تاکہ نوجوان نسل کو بہترین تعلیم و تربیت فراہم کی جا سکے۔

تبیان تربیتی ورکشاپ کی کامیابی کے لیے ہم تمام شرکاء، اساتذہ کرام، والدین اور معاونین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha