جمعرات 13 فروری 2025 - 19:53
امام کا جشن منائیں، مگر ان کے ظہور کی تیاری بھی کریں، آغا سید حسن الموسوی الصفوی

حوزہ/ صدر انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام کا جشن منانا دراصل ہمارے لیے یہ پیغام ہے کہ ہم اپنے دلوں میں امام کی محبت بسانے کے ساتھ ساتھ ان کے ظہور کے لیے خود کو تیار کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نوگام میں امام زمانہ (عج) کی ولادت باسعادت کے سلسلے میں انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام ایک شاندار پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کے تمام تر انتظامات المہدی خدمتگار کمیٹی نے انجام دئے۔ جامعہ مسجد نوگام سے امام بارگاہ عباس آباد نوگام تک ایک پرشکوہ ریلی نکالی گئی۔ یہ ریلی علاقے کی سڑکوں پر انتہائی جوش و خروش کے ساتھ نکالی گئی، جس میں علمائے کرام مکاتب بچوں اور مومنین نے شرکت کی۔

ریلی میں شریک افراد نے امام زمانہ (علیہ السلام) کے یوم ولادت کی خوشی میں نعرے بلند کیے اور اپنے امام کے لیے محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔ شرکاء نے مختلف پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر امام زمانہ (عج) کی محبت اور ان کے ظہور کی دعا کی گئی تھی۔

اس پروگرام میں متعدد مکاتبوں کے طلبہ نے اپنے ثقافتی پروگرامز پیش کیے، اور ریلی کے اختتام پر امام بارگاہ عباس آباد پہنچ کر محفل جشن کااہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر صدر انجمن شرعی شیعیان، حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام کا جشن منانا دراصل ہمارے لیے یہ پیغام ہے کہ ہم اپنے دلوں میں امام کی محبت بسانے کے ساتھ ساتھ ان کے ظہور کے لیے خود کو تیار کریں۔

یہ شاندار ریلی اور پروگرام اس بات کا غماز ہیں کہ ملت تشیع اپنے امام کی آمد کے لیے ہر لحاظ سے آمادگی اختیار کر رہی ہے اور ان کی رہنمائی کے منتظر ہیں۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha