۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
جشن آزادی پاکستان

حوزہ/ پاکستان بھر میں 73 واں جشن آزادی آج جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے۔ آج دن کا آغاز اسلام آباد میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا۔

حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پاکستان بھر میں 73 واں جشن آزادی آج جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے۔ آج دن کا آغاز اسلام آباد میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا۔ نگر نگر ،گلی گلی سبز ہلالی پرچموں اور ہری جھنڈیوں کی بہار چھائی ہوئی ہے، جشن آزادی کے حوالے سے کئی شہروں میں چراغاں اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ کراچی میں شہریوں نے رات گئے تک سڑکوں پر ہلہ گلہ کیا جبکہ نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر پاک سرزمین پارٹی کی جانب سے 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کراچی کی جانب سے جشن آزادی کے حوالے سے سی ویو سے نشان پاکستان تک مشعل بردار ریلی نکالی گئی۔ کراچی میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر اعزازی گارڈز کی تعیناتی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

لاہور محفوظ شہید گیریژن میں پاک فوج کی جانب سے یوم آزادی کے دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی دے کر کیا گیا جبکہ مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی ہوئی۔ پنجاب رینجرز کی جگہ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے محافظ کے فرائض سنبھال لیے۔

لاہور میں رات کو جونہی گھڑی نے بارہ بجائے تو فضا اللہ اکبر اور پاکستان زندباد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ مینار پاکستان پر آتشبازی کے شاندار مظاہرے نے ہرطرف جشن آزادی کے رنگ بکھیر دیے۔

رات گئے کوئٹہ شہر میں نوجوانوں کا جوش و خروش بھی دیدنی رہا، نوجوانوں کی بڑی تعداد قومی پرچم اٹھائے سڑکوں پر امڈ آئی اور وطن سے محبت کا اظہار کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .